تاریخ کو زندہ کرنے والے میوزیم

October 27, 2019

انسان کی سیاسی، سماجی، معاشی اور تعلیمی تاریخ کو جاننے کا سب سے اہم ذریعہ تاریخی میوزیم ہوتے ہیں، جہاں ترقی یافتہ و مہذب اقوام اپنی سیاست، جدوجہد آزادی، معاش، علم و ادب میں کارہائے نمایاں سرانجام دینے والے سپہ سالاروں، سیاستدانوں، محققین، فلسفیوں اور ادیبوں کے تحریری مسودے اور ان کے زیر استعمال اشیا کو آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ رکھتی ہیں۔ جدید میوزیم کے منفرد آرکیٹیکچر اور ڈیزائن 21ویں صدی کا منظر پیش کرتے ہیں۔

گرینڈایجپشن میوزیم

2020ء کو مکمل ہونے والے ’’عظیم مصری عجائب گھر‘‘ کی تکمیل سے قدیم مصر کے فرعونوں جیسے غزہ کے اسفنکس اور توتن خامن کو عجائب گھر کے شوکیسز میں دیکھا جاسکے گا۔ اس سے قبل آپ نے فرعونوں کی ممیوں، جواہرات اور سازو سامان کو ایک جگہ اکٹھا نہیں دیکھا ہوگا۔

ایک ارب ڈالر سے زائد لاگت سے بننے والے اس میوزیم سے قدیم مصر کے نادر نمونوں کو محفوظ کرنے کی راہ نکلے گی۔ 50ہیکٹر پر پھیلا یہ میوزیم غزہ کے اہرام سے دو کلومیٹر دور ہے۔ آرکیٹیکچر ڈیزائن کے عالمی مقابلے کے بعد آئرلینڈ کے شہر ڈبلن سے تعلق رکھنے والی تعمیراتی کمپنی ہینی گن پینگ کا ڈیزائن منظور ہوا،جس پر شب و روز کام ہورہا ہے۔

ایکروپولس میوزیم

یونان کے قدیم دارالحکومت ایتھنز کی شہرت سقراط، افلاطون اور ارسطو کی وجہ سے لازوال ہے۔ ایکروپولس چٹان پر واقع ایک خانقاہ و عبادت گاہ تھی، جس کا لغوی مفہوم ہی بلند شہر ہے، جسے ایتھنز کے معروف خطیب ہیری کلس نے قائم کیا تھا۔

اسی جگہ2003ء میں ایکروپولس میوزیم قائم کیا گیا، جو ہر سال بڑی نمائشوں کا مرکز بنا رہتا ہے۔ 14ہزار میٹر پر پھیلی اس نمائش گاہ میں یونانی، رومن اور بازنطینی دور کے4ہزارسے زائد نوادرات، دیکھنے والوں کو قدیم یونانی تاریخ کو زندہ کر کے سقراط کے دور میں پہنچا دیتے ہیں۔

آیا صوفیہ میوزیم

آیا صوفیہ میوزیم آرٹ اور آرکیٹیکچر کی تاریخ کا جیتا جاگتا مظہر ہے، جس کا شمار دنیا کے آٹھویں عجوبے میں ہوتا ہے۔یہاں آپ کو بازنطینی اور عثمانی سلطنتوں کے سازو سامان ملیں گے۔ مشرقی عیسائیت و اسلام کے مابین تعلقات اور باہمی احترام کی اس زندہ تاریخ نے ترکی کو دنیا کی ترقی یافتہ اقوام میں شمار کرتے ہوئے مشرق و مغرب کے مابین روابط کا پل قرار دیا جو قبل ازیں گرجا و مسجد تھے۔

واضح رہے کہ اس میوزیم کا بازنطینی اور عثمانی طرز تعمیر اپنی نوعیت کی ایک منفرد مثال اور اس بات کا بین ثبوت ہے کہ ماضی کے انسان میںآج کے انسان کی نسبت زیادہ نفاست تھی۔

آرمی میوزیم

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واقع ’’آرمی میوزیم‘‘ کا شمار دنیا کے سب سے بڑے ملٹری آرٹ اور ہسٹری میوزیم میں ہوتا ہے۔ اس قومی عجائب گھر میں فرانس کی فوجی تاریخ کی 13ویں صدی سے لے کر موجودہ دور تک کی جنگی و حربی داستان موجود ہے۔

مزید براں فیچرز اسٹرکچرز میں کنفیڈرل آف سینٹ لوئس اور ڈومڈ چرچ (جو نپولین بونا پارٹ کے مقبرے میں ہے)، میوزیم آف ملٹری ماڈلز دیکھنے والوں پر فرانس کی طاقت کا سحر طاری کر دیتے ہیں۔ یہ میوزیم کسی بھی ملک کی افواج کے لئے ایک مثال ہے کہ وہ اپنی تمام رجمنٹس کی مکمل تاریخ میوزیم کی صورت میں عوام کے سامنے پیش کریں۔