کشمیر میں انسانیت انصاف کے لیے بلک رہی ہے

October 28, 2019

میڈ لینڈ میئر کے لیے لیبر پارٹی کی امیدوارپہلی مسلم خاتون سلمیٰ یعقوب کاتقریب سے اظہار خیال

وقار ملک، کوونٹر ی،برطانیہ

میڈ لینڈ میئر کے لیے لیبر پارٹی کی طرف سے امیدواروں کی لسٹ میں شامل پہلی مسلم خاتون سلمی یعقوب نے کوونٹری میں کشمیریوں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل وقت کی ضرورت ہے تاکہ انسانیت آزاد فضاؤں میں سکھ کا سانس لے سکے ۔

سلمی یعقوب ،کامران خان ،راجہ اشفاق اور راجہ اصغر نمبل

کشمیر میں انسانیت انصاف کے لیے بلک رہی ہے، اپنی زندگیوں کو پرامن گزارنے کے لیے سر توڑ کوشش کر رہی ہے لیکن کوئی ان کی مدد کو تیار نہیں، ہمیں ایک ایسی حکمت عملی تیار کرنا ہو گی ،جس سے کشمیریوں کو آزادی نصیب ہو اور وہ پرامن طریقے سے اپنی زندگی گزار سکیں ۔

وقت کا تقاضہ ہے کہ کشمیریوں کو انصاف دیا جائے

انھوں نے کہا کہ لیبر پارٹی نے ہمیشہ انسانیت کے لیے اور انصاف کی فراہمی کی بات کی ہے تاکہ ایک پرامن معاشرہ قاہم ہو اور خوشحالی اور ترقی کے میدان کھلیں، نوجوان نسل کا مستقبل روشن ہو ،یہی وجہ ہے کہ لیبر پارٹی کےقائد نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور کشمیریوں کی کھل کر بات کی۔ آج وقت کی ضرورت ہے کہ ہم سب مل کر انسانیت کی فلاح اور بہبودکی بات کریں، ہمیں اپنے کردار اور عمل سے معاشرے کو پرامن بنانا ہے۔ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے لابنگ کرنا ہو گی تاکہ اپنی بات عالمی سطح تک پہنچا سکیں۔ انھوں نے کہا کہ لندن مظاہرہ ایک کامیاب پرامن مظاہرہ ہو گا۔ وقت کا تقاضہ ہے کہ کشمیریوں کو انصاف دیا جائےاور ایک پرامن مظاہرے کے ذریعے بھارت کو ظلم کرنے سے روکا جائے۔

تقریب کے شرکاء

اس موقعے پر مقبوضہ کشمیر سے آئے ہوئے نوجوان محمد قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت بلک بلک کر انصاف کی متلاشی ہے، وہاں انسانیت رو رہی ہے، بھارت کا ظلم حد سے بڑھ گیا ہے اب مسئلہ کرفیو کا نہیں مسئلہ بھارت سے آزادی کا ہے، جس کے لیے ہم سب کو جدوجہد کرنا ہے۔ 27 اکتوبر کوہم سب کو بھارت کے خلاف لندن میں ایک مظاہرہ کرنا ہے۔

تقریب سے کونسلر کامران خان نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ ہم سب کو متحد ہو کر کشمیر کی جنگ لڑنا ہو گی، بھارت کے خلاف لابنگ کرنا ہو گی، تاکہ دنیا کو بھارت کا مکروہ چہرہ دیکھایا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ 27 اکتوبر کو ایک بھرپور مظاہرہ کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں میڈ لینڈ میں میئر کی امیدوار سلمی یعقوب کی آمد خوش آئند ہے۔

تقریب کے شرکاء

سلمی یعقوب نے اپنے کردار سے اپنا مقام بنا کر عوام کی نظروں میں اپنی عزت بڑھائی اور لیبر پارٹی میں اپنا قد بڑھایا۔ ان کی کامیابی سےمسلمانوں، بالخصوص پاکستان اور کشمیر کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ ہمیں سلمی یعقوب کی کامیابی کے لیے جدوجہد کرنا ہو گی۔ بعدازاں سلمی یعقوب نے کہا کہ وہ اگر میئر منتخب ہوئیں تو پوری میڈ لینڈ کی میئر ہوں گی ،جس سے یہاں مقیم کمیونٹی مستفید ہو گی، کیونکہ ان کے نزدیک انسانیت کی خدمت اہم ہے۔ وہ بحیثیت میئر سب کا خیال رکھیں گی ۔تقریب سے راجہ اشفاق اور بیرسٹر طارق اور محمد موسیٰ نے بھی خطاب کیا۔