• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: ٹراما سینٹر میں اب ویسکیولر سرجری بھی ہوگی: ڈاکٹر عذرا پیچوہو

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

وزیر صحت سندھ و بہبود آبادی ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ ٹراما سینٹر میں اب ویسکیولر سرجری بھی ہوگی جبکہ اسپتالوں میں ادویات کو ڈیجٹائز کر رہے ہیں تاکہ ادویات باہر نہ فروخت ہوں۔

انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سول اسپتال میں ادویات کو ڈیجٹلائز کرنے کا سسٹم شروع کردیا گیا ہے، اس طریقے سے ادویات کو با آسانی ٹریس کیا جا سکے گا، جبکہ اتائی ڈاکٹرز کی دکانیں بند کرنے کے لیے کارروائیاں کر رہے ہیں۔

وزیر صحت سندھ کا کہنا ہے کہ جناح اسپتال میں رواں سال اسٹروک یونٹ بنایا ہے، این آئی سی وی ڈی میں حاملہ خواتین کے لیے الگ سے یونٹ ہے۔ دل کا دورہ پڑنے کے باعث حاملہ خواتین کی اموات ہو رہی تھیں۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ لیاری میڈیکل کالج میں پرانی اسکیم مکمل ہوگئی ہیں، جبکہ یہاں روبوٹکل سرجری بھی کروائی گئیں۔ سول اسپتال کراچی میں نیورو سرجری یونٹ قائم کیا ہے، سول اسپتال کراچی کا ماسٹر پلان جنوری تک تیار ہوجائے گا۔ کراچی میں 19 چیسٹ پین یونٹ ہیں۔ بلدیہ سینٹر میں 825 مریضوں کا علاج ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مینٹل ہیلتھ کے لیے غیرسرکاری اداروں کے ساتھ کام کر رہے ہیں، لیڈی ہیلتھ ورکرز کو مینٹل ہیلتھ کی ٹریننگ دی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم نے ایم ڈی کیٹ کی پالیسی بنا دی ہے، 5 کے قریب ٹیوٹرز ہر سال نجی اسپتال بھیجے جائیں گے انہیں ماسٹرز کی ڈگری ملے گی، وہ ٹیوٹرز حکومت کے خرچے پر ماسٹرز کریں گے تاکہ نرسنگ اسٹوڈنٹس کی کارکردگی بہترہو۔ نرسنگ اسٹوڈنٹس کو 30 ہزار ماہانہ وظیفہ ملے گا۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ نادرا کے ساتھ ایم او یو سائن کیا ہے، وزیراعلیٰ نے اس میں دلچسپی دکھائی، جن بچوں کی پیدائش گھر میں ہوتی ہے اب ان کی بھی آن لائن برتھ رجسٹری کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ہم ماں کے دودھ کا ملک بیگ شروع کرنا چاہتے تھے لیکن اس میں کچھ مسائل آگئے، بچے کی صحت کے ساتھ ماں کی صحت بہت ضروری ہے۔ ماں کی صحت سے متعلق اس سال محکمہ صحت نے ناقابل فراموش کام کیے۔

ڈاکٹرعذرا پیچوہو نے مزید کہا کہ اگر والدین چاہتے ہیں کہ بچے صحت مند پیدا ہوں تو بچوں کی پیدائش میں وقفہ دیں، جناح اسپتال میں پیرامیڈیکس اسٹاف کو بھرتی کیا جائے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آٹھ اسپتال اس سال فنکشنل کرنا چاہ رہے ہیں۔ پی آئی بی اسپتال سے متعلق بات ہو گئی ہے۔ پی آئی بی اسپتال ایک ماہ میں مکمل فکشنل ہو جائےگا۔ گلشن حدید، کمال خان گوٹھ، انچولی، سعود آباد میں چھوٹے اسپتال بنانے ہیں۔

صحت سے مزید