کتنے وقفے کے بعد نماز قضا ہوجاتی ہے ؟

November 01, 2019

تفہیم المسائل

سوال: نمازِ فجر ،ظہر ،عصر ،مغرب اور عشاء میں کتنی دیر بعد قضاء کی نیت کی جائے گی ؟(منوراحمد ، کراچی)

جواب : ہرنماز کااول وآخر وقت یعنی نمازِ فجر کا وقت طلوعِ آفتاب تک ہے، نمازِ ظہر کا وقت ، وقتِ عصر داخل ہونے تک ہے ،نمازِ عصر کا وقت غروبِ آفتاب تک ہے ،لیکن غروب سے قبل آخری بیس منٹ کا وقت مکروہ تحریمی ہے، لیکن اگر اس دن کی عصر نہیں پڑھی تو پڑھ لے ۔ مغرب کا وقت غروبِ آفتاب سے غروبِ شفق، یعنی جانبِ مغرب سرخی ختم ہونے کے بعد ایک روشنی جنوباً اور شمالاً پھیلتی ہے ،جسے شفق کہاجاتا ہے ،یعنی عشاء کا وقت داخل ہونے تک ہے ،نمازِ عشاء اور وتر کا وقت طلوعِ فجر تک رہتا ہے ۔

اگر نماز کا وقت ختم ہوجائے تو پھر قضاء کی نیت سے اسے اداکیا جائے گا۔آج کل مساجد میں نمازوں کے اوقات کے دائمی نقشے آویزاں ہوتے ہیں ،ان میں پانچوں نمازوں کا وقت شروع ہونے ،طلوع ِ آفتاب ،زوال اور غروبِ آفتاب کے اوقات درج ہوتے ہیں۔وقتاً فوقتاً انہیں دیکھتے رہنا چاہئے ،بعض اخبارات بھی روزانہ کے اوقاتِ نماز شائع کرتے ہیں ۔اسی طرح مساجد میں روزانہ طلوع آفتاب ،زوال اور غروبِ آفتاب اور نمازِ اشراق کے اوقات کی بھی نشاندہی کی جاتی ہے ۔

اپنے مالی وتجارتی مسائل کے حل کے لیے ای میل کریں۔

tafheemjanggroup.com.pk