نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد بڑھ گئی، وزن گر گیا

November 01, 2019

سابق وزیرِ اعظم محمد نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 50 ہزار سے بڑھ گئی تاہم 10 دن میں ان کا وزن 10 کلو کم ہو گیا۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد بڑھ گئی

نواز شریف کے لیے تشکیل دیے گئے میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز کہتے ہیں کہ پلیٹ لیٹس میں اتار چڑھاؤ کے باعث اندرونی طور پر بہت ٹوٹ پھوٹ ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نواز شریف کے حوالے سے ایک آپریشن تھیٹر تیار کیا گیا ہے، جہاں عملہ 24 گھنٹے الرٹ رہے گا۔

سابق وزیرِ اعظم محمد نواز شریف کو سروسز اسپتال میں داخل ہوئے آج 11 ہواں دن ہے، ان کے پلیٹ لیٹس کی تعداد میں بہتری آئی ہے جن کی تعداد 50000 سے بڑھ گئی ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کے پلیٹ لیٹس میں 9 دن کے بعد بہتری آئی ہے لیکن انسولین کے استعمال کے باوجود ان کی شوگر کنٹرول نہیں ہو رہی، 10 دن میں ان کا وزن 10کلو کم ہوا ہے۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم نوازشریف کے پلیٹ لیٹس میں بہتری آئی ہے جو 55 ہزار تک پہنچ گئے، ان کی فاسٹنگ بلڈ شوگر 200سے زائد ہے، جبکہ 10 روز میں وزن 108کلو سے کم ہوکر 98 کلو تک پہنچ گیا۔

طبی ماہرین کا نواز شریف کے وزن میں تیزی سے کمی کو تشویش ناک قرار دیتے ہوئے کہنا ہے کہ آئی ٹی پی انجیکشنز سے ممکنہ نتائج سامنے نہیں آ رہے، پیٹ کا اسکین شیڈول میں شامل ہے، امید ہے کہ اس سے بیماری کی تشخیص ہو جائے گی، تاہم ہائی بلڈ شوگر اور کم پلیٹ لیٹس کے باعث پیٹ کا اسکین تاخیر کا شکار ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: نواز شریف کی صحت تاحال تسلی بخش نہیں

پرنسپل سمز ڈاکٹر محمود ایاز نے بتایا کہ پلیٹ لیٹس بڑھانے کی دوا دل پر دباؤ ڈالتی ہے، اس لیے پلیٹ لیٹس بڑھانے کے لیے مزید ادویات اور انجکشن نہیں دے سکتے، کوئی بھی دوا بڑھانے سے گردے متاثر ہوتے ہیں، ادویات دینے سے یوریا کیریٹنن بھی بڑھ جاتا ہے۔

ادھر نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر اور بھائی شہباز شریف نے اسپتال میں ان کی عیادت کی، لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

وزیرِ اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ نواز شریف مزاحمت کی علامت اور عظیم لیڈر ہیں، جمعے کے روز آزاد کشمیر میں ان کی جلد صحت یابی کے لیے اجتماعی دعا کی جائے گی۔