تاج کا تاثر دیتے ’کراؤن بریڈ‘ ہیئر اسٹائل

November 03, 2019

تہوار کا موقع ہو، شادی بیاہ کی تقریبات یا پھر کہیں پارٹی میں جانا ہو تو کپڑوں کے ساتھ ساتھ ہیئر اسٹائل بنانے پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ ہیئر اسٹائل ایسیسریز کے حوالے سے بات کی جائے تو بالوں کی خوبصورتی بڑھانے اور شاہی انداز دینے کے لیے ماضی میں کراؤن(تاج) کا استعمال خواتین میں خاصا مقبول رہا۔

سر پر تاج لگا کر جہاں بالوں کی خوبصورتی بڑھائی جاتی تھی، وہیں اس اسٹائل کو اپناکر خواتین خود کو ملکہ کی طرح محسوس کرتی تھیں۔ اگرچہ اب کراؤن پہننا ’’اولڈ فیشن‘‘تسلیم کیا جاتاہے، تاہم کچھ ہیئر اسٹائل کی بدولت آج بھی آپ ملکہ جیسا تاثر بآسانی دے سکتی ہیں۔ وہ ہیئر اسٹائل کون سے ہیں اور انھیں کس طرح بنایا جاسکتا ہے، آئیے اس مضمون میں جانتے ہیں۔

کراؤن بریڈ کیسے بنائی جائے ؟

کراؤن بریڈ عام طور ایک یا دو چوٹیوں پر مشتمل ہوتی ہے، یہ عام سی چوٹیاں سر پر فریم کی مانند تاج کی صورت لپیٹی جاتی ہیں۔ کراؤن بریڈ بنانے کیلئے یہ فیصلہ کرنا ضروری ہے کہ آیا آپ فش ٹیل کراؤن بریڈ بناناچاہتی ہیں یا ڈچ بریڈیا پھر کچھ مختلف۔ لیکن سب سے پہلے ان اسٹائل کے بارے میں معلوم ہونا اور بنانے کا طریقہ آنا چاہیے۔

٭سب سے پہلے بالوں کو اچھی طرح سے کنگھا کرلیں ۔

٭سیدھی یا آڑی، جیسی بھی مانگ آپ کے چہرے پر جچے بالوں کو اسی سمت برابرحصوں میں تقسیم کرلیں ۔

٭کراؤن بریڈ بنانے کے لیے آپ کو دونوں طرف الگ الگ چوٹی بنانا ہوگی۔ اگر آپ دو چوٹیاں پسند نہیں کرتیں تو ایک چوٹی کے ساتھ بھی کراؤن بریڈ بنائی جاسکتی ہے۔

٭عام طور پر کراؤن بریڈ سر پر سامنے کی طرف سے بنانا شروع کی جاتی ہے،لیکن اگر آپ پچھلے رُخ سے کراؤن بریڈ بنانا چاہتی ہیں توبالوں کو دو حصوں میں علیحدہ علیحدہ کرلیں۔ پھر علیحدہ کیے گئے بالوں میں پیچھے کی جانب سے بل ڈال کر چوٹی باندھنا شروع کریں۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ چوٹی نہ بہت ڈھیلی ہو اور نہ بہت ٹائٹ۔

٭اگر آپ چاہیں تو ہیئر اسٹائل کو خوبصورت بنانے کے لیے آگے سے کچھ بال کھلے چھوڑ سکتی ہیں۔

٭ایک ایک سائیڈ لیتے ہوئے بالوں کی چوٹی آخری سرے تک بنائیں اور سرے پر بالوں کے رنگ کا ربڑ بینڈ باندھ دیں۔ اگر آپ بالوں کو علیحدہ کیے بغیر چوٹی بنا رہی ہیں تو اسے بالوں کے آخری حصے تک بنائیں۔

٭چوٹی بنانے کے بعد باری آتی ہے ان چوٹیوں کو سر پر تاج کی صورت لپیٹنے کی۔ چوٹی کے بل انگلیوں کی مدد سے کچھ ڈھیلے کریں اور اسے سر پر تاج کی طرح رکھ کربابی پن(کلر وہ لیں جو آپ کے بالوں سے ہم رنگ ہو) کی مدد سے سیٹ کرلیں۔

٭کراؤن کی پوزیشن آپ پر منحصر ہے، لیکن اس بات کا خیال رکھیں کہ یہ بالوں میں نہ بہت پیچھےہو اور نہ ہی آگے۔

کراؤن بریڈ کے مختلف اور منفرد اسٹائل پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

فش ٹیل ملک میڈ بریڈ

فش ٹیل ملک میڈ بریڈ (Fishtail Milkmaid Braid)ہمیشہ بالوں کے پچھلے رُخ سے شروع کی جاتی ہے۔ بالوں کی بریڈ بنانے کے بعد دیے گئے بَل کو دونوں جانب ہاتھ سے ڈھیلا کیا جاتاہے، جس سے یہ بریڈ عام چوٹی سے مختلف اور منفرد ملک میڈ لُک دیتی ہے۔فش ٹیل ملک میڈ بریڈ بنانے کے بعد اسے کراؤن کی صورت دیجیے، یہ اسٹائل مشرقی اور مغربی دونوں طرز کے لباسوں کے لیے بہترین ثابت ہوگا۔

اسکارف کراؤن بریڈ

کراؤن بریڈ بنانے کے لیے اسکارف کا استعمال ان دنوں ٹرینڈ کا حصہ ہے۔آپ بھی کراؤن بریڈ میں اسکارف کا اضافہ کرکے ہیئر اسٹائل کو خوبصورت لُک دے سکتی ہیں۔ اسکارف کے ہمراہ کراؤن بریڈ بنانے کے لیے ایک سائیڈ سے تھوڑے سے بال اٹھائیں اور بقیہ بالوں کو کلپ لگالیں۔ بالوں کے درمیانی حصے میں اسکارف لپیٹ لیں، اب اسکارف اور بالوں کا ایک ایک حصہ اٹھاتے ہوئے چوٹی باندھنا شروع کریں۔ چوٹی باندھنے کے بعد اسے ہاف اَپ ڈو(Half Updo) لُک کے ساتھ بالوں میں کراؤن کی صورت لپیٹ دیں، یہ اسٹائل منفرد بھی ہے اور خوبصورت بھی۔

پرنسز کراؤن بریڈ

ٹین ایج لڑکیوں کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ہر تقریب میں کسی شہزادی کی طرح خوبصورت نظر آئیں۔ ان کیلئے پرنسز کراؤن بریڈ ایک پرفیکٹ ہیئر اسٹائل ثابت ہوگا۔ اس ہیئر اسٹائل کو بنانے کیلئے بالوں کو تین حصوں میں تقسیم کرلیں، سامنے کی طرف سے کم بالوں پر مشتمل دو حصے جبکہ پیچھے کی جانب سے حصہ تھوڑا بڑا رکھیں۔

اس کے بعد ایک سائیڈ سے ڈچ بریڈ (Dutch Braid) بنانا شروع کریں، یہ بریڈ سر کے درمیان میں ایک حصے سے شروع کرکے دوسرے حصے تک بنائی جائے۔ پیچھے کے بالوں کوپونی ٹیل کی شکل دیں اور پھر اس پونی ٹیل کو چار حصوں میں تقسیم کرلیں۔ اب چاروں حصوں کو ٹوئسٹ کرتےہوئے خوبصورت انداز میں ڈونٹ بن (Donut Bun) کی صورت باندھ لیں، ضرورت محسوس ہو تو آخر میں بالوں میں ہیئر اسپرے بھی کرلیں۔