مچھلی... کھانے میں لذیز اور فوائد بھی بے شمار

November 09, 2019

ہمارے ہاں لوگ مچھلی کھانے کے خاصے شوقین پائے جاتے ہیں۔یوں تو مچھلی تقریباً سارا سال کھائی جاتی ہے ۔مگر سرد موسم آتے ہی اس کی مانگ خوب بڑھ جاتی ہے۔تمام سردی مچھلی سے بنے پکوانوں کا خاص اہتمام کیا جاتاہے۔مچھلی کی کئی اقسام ہیں ایک اندازے کے مطابق اس کی21ہزار سے زائد اقسام دریافت کی جاچکی ہیں۔

ہمارے ہاں بھی کئی اقسام کی مچھلی کھائی جاتی ہے۔سی فوڈ میں سب سے زیادہ مچھلی پسند کی جاتی ہے۔یہ کھانے میں بھی لذیذ ہوتی ہے اوراس کے فوائد بھی بےشمار ہیں۔مچھلی میںقدرتی طور پر پائے جانے والے غذائی اجزاء کئی بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت فراہم کرتے ہیں۔یہ جسمانی نشوو نما اور دل و دماغ کے لیے مفید غذاہے۔مچھلی سے بنے چند مزیدار پکوانوں کی تراکیب ملاحظہ کریں۔

فش کٹاکٹ

اجزاء۔

مچھلی۔ تین سو گرام (بون لیس)

بیسن ۔آدھا کپ

لال مرچ پاؤڈر۔ ایک سے ڈیڑھ چائے کا چمچ

بیکنگ پاؤڈر ۔ایک چٹکی

ہلدی ۔آدھا چائے کا چمچ

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ

نمک۔ حسبِ ضرورت

تیل۔ حسبِ ضرورت

ہرا مصالحہ بنانے کے لئے:

ہرا دھنیا۔ ایک گٹھی

ہری مرچ۔ آٹھ سے دس عدد

پیاز۔ ایک عدد

کالی مرچ ۔ایک چائے کا چمچ (کٹی ہوئی)

چائنیز سالٹ۔ آدھا چائے کا چمچ

نمک۔ حسبِ ضرورت

لیموں۔ گارنش کے لئے

سلاد کے پتے۔ گارنش کے لئے

ترکیب۔

ایک پیالے میں بیسن، لال مرچ پاؤڈر، بیکنگ پاؤڈر، ہلدی، ادرک لہسن کا پیسٹ، نمک اور تھوڑا سا پانی ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔

اب مچھلی کو اس مکسچر میں کوٹ کرکے میری نیٹ کے لئے رکھ دیں۔

پین میں تیل گرم کرکے اس میں میری نیٹ کی ہوئی مچھلی کو فرائی کرلیں۔

جب فرائی ہوجائے تو ٹشو پیپر پر نکال کر رکھ دیں۔

ہرا مصالحہ بنانے کے لئے: چوپر میں ہرا دھنیا، ہری مرچ اور پیاز ڈال کر چوپ کرلیں۔

پھر توے پر دو سے تین کھانے کے چمچ تیل ڈال کر چوپ کیا ہوا ہرا مصالحہ ڈال کر مکس کریں اور ڈھانپ کر کچھ دیر دم پر رکھ دیں۔

اب اس میں فرائی کی ہوئی مچھلی ڈال دیں۔

پھر کالی مرچ، چائنیز سالٹ اور نمک ڈال کر کٹا کٹ چمچ کی مدد سے مچھلی کو کٹا کٹ کرلیں۔

ڈش میں نکال کر لیموں اور سلاد کے پتوں سے گارنش کرکے سرو کریں۔

بلوچی فش بریانی

اجزاء۔

پمفرٹ مچھلی۔ 1کلو(صاف کر کے خشک کر لیں(

سفید زیرہ پاؤڈر۔ 3چائے کے چمچ

ہلدی پاؤ ڈر۔ 1چائے کا چمچ

گرم مصالحہ پاؤ ڈر۔ 2/1چائے کا چمچ

ٹماٹر (چوپ کیے ہوئے )۔ 3کپ

آلو۔ 2/1لو ( بڑے کٹے ہوئے)

پیاز(سلائس کاٹ لیں)۔ 3-4عدد

ہرا دھنیا۔ 1گھٹی

ہری مر چیں۔ 1کپ

لہسن،ادرک پیسٹ۔ 1 چائے کا چمچ

چاول۔ 1 کپ

تیل۔ 1 کپ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

ترکیب۔

ایک پتیلی میں تیل ڈال کر گرم کریں اور اس میں پیاز ڈال کر براؤن کریں۔ (بلینڈر میں ٹماٹر ، ہری مرچیں،ہرا دھنیا پیس لیں)جب پیا ز گولڈن براؤن ہو جائے تو پسا ہوا مکسچر اور ادرک ،لہسن پیسٹ شامل کریں اس کے بعد اس میں سفید زیرہ پاؤڈر ،ہلدی پاؤڈر ،گرم مصالحہ پاؤڈر،نمک شامل کریں اور اچھی طرح بھون لیں ۔مچھلی پر چھری سے ترچھے کٹس لگا دیں۔ اس کے بعد ہلکی آنچ پکتی ہوئی گرم گریوی میں مچھلی کے سلائس رکھ لیں۔ تین سے چارمنٹ تک دونوں طرف سے پکا کر نکالتے جائیں۔جب مصالحے میں مچھلی فرائی ہو جائے تو دوسری پتیلی میں پانی ڈال کر چاول اُبالیں۔جب ایک کنی رہ جائے تو نتھار لیں۔ایک کھلی دیگچی میں پہلے چاول پھر مصالحہ اور پھر اس کے اوپر مچھلی کے سلائس رکھ دیں۔ آخر میں چاول ڈال کر اوپر سے تھوڑا تیل ڈال کر دم پر لگا دیں۔مزیدار بلوچی مچھلی تیار ہے۔

پارسی مچھلی مصالحہ

اجزاء۔

مچھلی(سرمئی یار ہو)۔ 1کلو(سلائس کاٹ لیں)

لہسن پیسٹ۔ 1چائے کا چمچ

سرکہ۔ 2کھانے کے چمچ

پیاز(چوپ کرلیں)۔ 2عدد

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ 1کھانے کا چمچ

میتھی دانہ۔ 2/1چائے کا چمچ

ہلدی پاؤڈر۔ 2/1چائے کا چمچ

ناریل پاؤڈر۔ 2/1کپ

لال مرچیں( کٹی ہوئی)۔ 2/1چائے کا چمچ

کاجو پیسٹ۔ 1کھانے کا چمچ

ہری مرچوں کا پیسٹ۔ 1چائے کا چمچ

زیرہ پاؤڈر۔ 1چائے کا چمچ

دہی۔ 2/1چائے کا چمچ

لیموں کا رس۔ 2کھانے کا چمچ

مسڑڈ پیسٹ۔ 1چائے کا چمچ

نمک ۔حسبِ ذائقہ

تیل۔ 2/1 کپ

ترکیب۔

پیالے میں مچھلی ،نمک،لہسن پیسٹ اور سرکہ ڈال کر مکس کر کے آدھےگھنٹے کے لئے رکھیں۔ فرائی پین میں2کھانے کے چمچ تیل گرم کر کے مچھلی ڈالیں اور ہلکا سا فرائی کرکے پلیٹ میں نکال لیں۔سوس پین میں تیل گرم کر کے پیاز ڈال کر فرائی کریں،سنہری ہو جائے تو میتھی دانہ اور ادرک ،لہسن پیسٹ ڈال کر فرائی کریں۔اس میں نمک ،کٹی ہوئی لال مرچیں،ہری مرچوں کا پیسٹ ،کاجو کا پیسٹ ، زیرہ پاؤڈر ،مسڑ ڈ پیسٹ اور دہی ڈال کر مصالحہ بھون لیں۔تیل الگ ہو جائے تو 1کپ پانی ڈال کر مچھلی ڈال کے فرائی کئے ہوئے سلائس الگ الگ کر کے ڈالیں۔لیموں کا رس چھڑک کر 5منٹ ہلکی آنچ پر ڈھک کر پکائیں ۔ سرونگ ڈش میں نکال کر چاولوں کے ساتھ سرو کریں۔

فش ملائی بوٹی

اجزاء۔

مچھلی کی بوٹیاں۔ آدھا کلو

نمک۔ حسبِ ذائقہ

ادرک لہسن پسا ہوا ۔ایک کھانے کا چمچ

پسی ہوئی لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

گرم مصالحہ پسا ہوا۔ ایک چائے کا چمچ

سفید زیرہ۔ ایک چا ئے کا چمچ

ہری مرچیں پسی ہوئی۔ ایک چائے کاچمچ

ہرا دھنیا ۔دو کھا نے کے چمچ

لیموں کا رس ۔دوکھانے کے چمچ

دہی۔ دو کھانے کے چمچ

فریش کریم ۔چارکھانے کے چمچ

کارن فلار۔ ایک کھانے کا چمچ

آئل۔ دوکھانے کے چمچ

ترکیب۔

مچھلی کو صاف دھو کر خشک کرکے پیالے میں رکھ لیں ۔اس میں نمک ،ادرک لہسن،لال مرچ ،بھنا ہوا کٹا ہوا زیرہ ،گرم مصالحہ ،ہری مرچیں اورچوپ کیا ہوا ہرا دھنیا ڈال کر میر ینیٹ کر لیں ۔ پندرہ سے بیس منٹ کے لئے فریج میں رکھ دیں ۔پھر مچھلی پر دہی ،کریم ، لیموں کا رس ،کارن فلار اور آئل ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور ان بوٹیوں کو سیخوں پر لگا دیں ۔ نان سٹک فرائینگ پین کو ہلکا سا چکنا کرکے ان سیخوں کو درمیانی آنچ پر سینک لیں ۔پھر گرم گرم سرو کریں۔

مدراسی بالٹی مچھلی

اجزاء۔

مچھلی 2/1 کلو (صاف کر کے ٹکڑے کر لیں)

املی۔ 2کھانے کے چمچ(گرم پانی میں بھگودیں)

تیل۔ 4/1 کپ

پیاز(چوپ کر لیں)۔ 1 عدد

لال مرچ پاوٴڈر۔ 1 چائے کا چمچ

ہلدی پاوڈر۔ 2/1چائے کا چمچ

دھنیا پاوٴڈر۔ 2/1 چائے کا چمچ

زیرہ (بھنا، کٹا ہوا)۔ 2/1چائے کا چمچ

ٹماٹر۔ 2 عدد (چوپ کرلیں)

نمک ۔حسبِ ذائقہ

پیاز۔ 1 عدد

ناریل کا تیل۔ 2 کھانے کے چمچ

لہسن۔ 1 چائے کا چمچ

رائی (بھون لیں)۔ 2/1چائے کا چمچ

سونف (بھون لیں)۔ 2/1 چائے کا چمچ

ناریل۔ 1 کھانے کا چمچ(کدوکش کیا ہوا)

کڑھی پتے۔ 5 عدد

ہری مرچ۔ 1 عدد (چوپ کر لیں)

ہرادھنیا ۔حسبِ ضرورت (چوپ کر لیں)

ثابت زیرہ۔ 1 چائے کا چمچ

ترکیب۔

ایک کڑاہی میں تیل گرم کرکے پیاز ڈالیں۔ہلکا سنہرا ہو جائے تو لہسن،لال مرچ پاوٴڈر ،ہلدی پاوٴڈر، دھنیا پاوٴڈر، زیرہ پاوٴڈر، رائی،سونف،ناریل،کڑھی پتے ڈالیں۔ ہلکا سا فرائی کریں۔ املی کا گودا ڈالیں۔ ٹماٹر شامل کر کے 1منٹ بھون لیں۔مچھلی کے ٹکڑے ،ہری مرچ اور نمک شامل کر کے 10 منٹ دم پر رکھیں۔اب ڈش میں نکال کر رکھ لیں۔فرائینگ پین میں تیل گرم کریں اس میں پیاز ڈال کر فرائی کریں۔ثابت زیرہ ڈالیں فرائی کر کے مچھلی پر بگھار لگا دیں۔ہرادھنیا، ہری مرچ سے گارنش کر کے سرو کریں۔

گرلڈ فش

اجزاء۔

فش فلے۔ دو عدد

سویا سوس۔ دو کھانے کے چمچ

سفید سرکہ۔ دو کھانے کے چمچ

مسٹرڈ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

لیموں۔ دو عدد

نمک۔ حسبِ ذائقہ

کُٹی کالی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

چاٹ مصالحہ۔ تھوڑا سا

تیل ۔دو سے تین کھانے کے چمچ

ترکیب۔

مچھلی کے فلے اچھی طرح دھو کر سویا سوس، سفید سرکہ، حسب ذائقہ نمک، مسٹرڈ پاؤڈر، کُٹی کالی مرچ اور لیموں کا رس لگا کر دس منٹ کے لیے رکھ دیں۔

اب گرلر گرم کر کے ذرا سا تیل لگائیں اور فلے کو گرل کر کے دونوں طرف سے سینک لیں۔

آخر میں انہیں اتار کر تھوڑا سا چاٹ مصالحہ چھڑک کر بران بریڈ کے ساتھ سرو کریں۔

فش ویجی ٹیبل سالسہ ریپڈ

اجزاء۔

فش فلے۔ آدھا کلو

پیاز۔ ایک عدد (باریک کٹی ہوئی)

سیلری۔ ایک عدد (باریک کٹی ہوئی)

شملہ مرچ۔ ایک عدد (باریک کٹی ہوئی)

ٹماٹر ۔چار عدد (اُبلے اور باریک کٹے ہوئے)

پارسلے۔ ایک چوتھائی گٹھی (باریک کٹے ہوئے)

لیموں کا رس ۔دو کھانے کے چمچ

نمک ۔حسبِ ذائقہ

کالی مرچ ۔حسبِ ضرورت (پسی ہوئی)

لہسن کے جوئے۔ چار عدد (باریک کٹے ہوئے)

گرم مصالحہ۔ آدھا چائے کا چمچ (پسا ہوا)

چینی۔ آدھا چائے کا چمچ

سموسہ پٹی ۔آدھا کلو

انڈا ۔ایک عدد (پھینٹا ہوا)

تیل۔ تین کھانے کے چمچ

ترکیب۔

پہلے پیاز، سیلری، شملہ مرچ، ٹماٹر اور پارسلے کو باریک کاٹ لیں۔

اب فش فلے کو لیموں کا رس، نمک اور پسی کالی مرچ سے میری نیٹ کر لیں۔

پھر ایک پین میں تیل گرم کرکے لہسن کے جوئے کو گولڈن کرلیں۔

پھر تمام سبزیوں کو اس میں شامل کرکے دو سے تین منٹ تک مکس کرنے کے بعد اس میں نمک، پسی کالی مرچ، پسا گرم مصالحہ اور چینی شامل کرکے مکس کریں اور ایک طرف رکھ دیں۔

اب سموسے کی چوکور پٹیاں کاٹ لیں اور فش کے بھی چار چار انچ کے ٹکڑے کاٹ لیں۔

اس کے بعد سموسے کی پٹی پر مچھلی کا ٹکڑا رکھیں۔

اوپر سے ایک سے دو کھانے کے چمچ پکی ہوئی سبزی رکھ کر اسے بند کر لیں۔

آخر میں پھینٹے ہوئے انڈے کی برش سے پالش کر دیں۔

اب اسے اوون میں دو سو ڈگری سینٹی گریڈ پر دس سے بارہ منٹ کے لیے بیک کر لیں۔

جیسے ہی سنہرا رنگ آجائے تو نکال کر پلیٹ پر رکھیں اور پکی ہوئی سبزی سائیڈ میں رکھ کر سرو کریں۔