عالمی شہرت یافتہ فٹ بالرز کا پاکستانی کھلاڑیوں سے مقابلہ آج”جیوسوپر“ سے براہ راست

November 09, 2019
 

کراچی (جنگ نیوز) پاکستان میں فٹبال کے شائقین کیلئے بڑی خبر ہے کہ ”ورلڈ سوکر اسٹار ز“ کے ستارے ایک بار پھر پاکستان میں جگمگانے کیلئے تیار ہوگئے ہیں۔فٹ بال کی دنیا کے یہ لیجنڈ کھلاڑی ہفتہ کو کراچی اور اتوارکو لاہور میں فٹ بال میچ کھیلیں گے۔ پاکستان کا پہلا نجی اسپورٹس چینل ”جیوسوپر“ اپنے ناظرین کیلئے دونوں مقابلے براہ راست نشر کرے گا۔ فٹ بال کے میدانوں اور شائقین کے دِل پر راج کرنے والے جو عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی اس وقت پاکستان آرہے ہیں اُن میں اسپین کے کارلوس پیول ، برازیل کے رکارڈو کاکا، پرتگال کے لوئیس فیگو اور فرانس کے نیکولس انیلکا شامل ہیں۔ پہلا میچ 9 نومبر کو ”فٹبال کلب کراچی “ اور ”ورلڈسوکر اسٹار ز “ کے درمیان راحت فٹبال اسٹیڈیم ڈی ایچ اے میں شام ساڑھے 7بجے سے کھیلا جائے گا ۔ دوسرا میچ 10نومبر کو لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں ”ٹیم فیگو “اور ”ٹیم کاکا “ کے مابین ہوگا۔