لوک میلہ جاری،شائقین کا رش

November 17, 2019

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) لوک ورثہ کے تحت منعقد ہ 10روزہ قومی ثقافتی لوک میلہ جاری ہے۔ اسلام آباد راولپنڈی میں ہفتہ وار تعطیل کے باعث گزشتہ روز میلے میں شائقین کا رش رہا۔ لوک میلہ میں سجائے گئے صوبائی ثقافتی پویلین اور ان میں بیٹھے ہنرمند مخصوص دستکاریوں کی تیاری کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ کشمیر پویلین پر 14سٹال میں 25لوک فنکار شرکت کر رہے ہیں۔ لوک ورثہ میں کشمیری دستکاریوں میں کشمیری شال، پیرماشی، نمدہ، گبہ، کشمیری کانگھڑی، پھیرن، کشمیری جیولری قابل ذکر ہیں۔ اسی طرح کشمیری کھانوں میں گشتابہ، رستہ پلائو، دیسی ساگ، کشمیری چائے، قہوہ، نمکین کلچہ وغیرہ شامل ہیں۔ لوک میلہ اوپن ائر تھیٹر میں آج شام 6بجے لوک فنکار فضل جٹ شو پیش کرینگے۔ میلہ15 تا 24نومبر روزانہ دن10 تا رات9 بجے تک جاری رہے گا۔