اللّٰہ تعالیٰ نواز شریف کو صحتِ کاملہ عطا فرمائے: فردوس

November 19, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

اللّٰہ تعالیٰ نواز شریف کو صحتِ کاملہ عطا فرمائے: فردوس

وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ دعاگو ہیں کہ اللّٰہ تعالیٰ نواز شریف کو صحتِ کاملہ عطا فرمائے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی روانگی اور ان کی صحت کے حوالے سے ایک بیان میں تبصرہ کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نواز شریف کی تندرستی کے لیے دعا کرتے ہیں کہ وہ جلد صحت مند ہوں تاکہ واپس آ کر قانون کا سامنا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اپنے طرزِ عمل سے انسانی احترام اور قانون کی بالادستی کی ایک روشن مثال قائم کی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیرِاعظم عمران خان ملکی ترقی اور عوامی خوش حالی کے مشن پر کاربند ہیں، آنے والے دنوں میں عوامی ریلیف کے لیے بڑے ایکشن سامنے آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیئے: نوازشریف کا مسئلہ انسانی اور قانونی ہے، فردوس عاشق

انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کی بحالی کے ساتھ ساتھ عوام کے لیے بھی آسانیاں بڑھتی جائیں گی، عمران خان کو ہرانے کی کوشش کرنے والے ہمیشہ ان سے ہارے ہیں، آئندہ بھی ہاریں گے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ ایک طرف مافیا ہے تو دوسری جانب عمران خان کی قیادت میں عوام ہیں۔

واضح رہے کہ عدالت سے اجازت ملنے کےبعد سابق وزیرِ میاں نواز شریف آج علاج کے لیے قطر سے آنے والی ایئر ایمبولینس کے ذریعے لندن روانہ ہو گئے۔

نواز شریف کے ہمراہ ان کے بھائی اور مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف اور معالج ڈاکٹر عدنان سمیت 7 افراد ہیں۔

گزشتہ دنوں لاہور ہائی کورٹ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی درخواست پر دورانِ سماعت وفاقی حکومت کا مؤقف مسترد کر دیا اور نواز شریف کو 4 ہفتوں کے لیے علاج کے سلسلے میں بیرونِ ملک جانے کی غیر مشروط اجازت دی تھی۔

عدالت کے تجویز کردہ ڈرافٹ کے متن کے مطابق عدالت نے نئے بیانِ حلفی میں نواز شریف کو بیرون ملک علاج کے لیے 4 ہفتوں کا وقت دیا ہے۔

ڈرافٹ کے مطابق نواز شریف کی صحت بہتر نہیں ہوتی تو اس مدت میں توسیع ہو سکتی ہے، حکومتی نمائندہ سفارت خانے کے ذریعے نواز شریف سے رابطہ کر سکے گا۔

عدالتِ عالیہ کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد وزارتِ داخلہ نے بھی سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو علاج کے لیے ایک مرتبہ ملک سے باہر جانے کی اجازت دے دی تھی۔

وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق نواز شریف کسی بھی ایئر پورٹ پر عدالتی حکم کی تصدیق شدہ نقل دکھا کر بیرون ملک جاسکیں گے تاہم ان کا نام بدستور ای سی ایل میں شامل رہے گا۔