وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ (ن) کے صدر پر تنقید کے تیر برساتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف انا کی چھتری سے باہر نکلیں۔ اُن کا مزید کہنا ہے کہ انڈیمنٹی بانڈ جمع کروائیں اور نواز شریف کو باہر لے جائیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجہ آزمائی میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی صحت خراب نہیں ہونی چاہیے۔
مزید پڑھیں: مولانا فضل الرحمٰن کے لیے دعاگو ہوں: فردوس عاشق
وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت اپنے لیے دمڑی یا دھیلا نہیں مانگ رہی، بلکہ یہ ایک قانونی تقاضا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ (ن) انڈیمنٹی بانڈ جمع کروائے اور نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک لے جائے۔
جمعیت علماء اسلام (ف) کے آزادی مارچ پر بات کرتے ہوئے فروس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے ’پلان بی‘ کے بھی فلاپ ہونے کی توقع ہے۔
قبل ازیں میڈیا اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ لیگی رہنما عوام کو نواز شریف کی بیرونِ ملک روانگی سے متعلق گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی نے یہ بھی کہا کہ معاملہ سیاست کی نذر کیا جا رہا ہے۔