گھر کی بیرونی دلکشی کیلئے مفید تجاویز

November 24, 2019

عام طور پر ظاہر کو دیکھ کر باطن کا اندازہ لگایا جاتا ہے، اسی طرح جب کوئی ہمارے گھر آتاہے تو وہ باہر سے ہی اسے دیکھ کر ہمارے ذوق اور طرز رہائش کا انداز ہ لگا لیتاہے۔ لہٰذا گھر کی تعمیر کے وقت اس کی بناوٹ، اسٹائل اور ڈیزائن پر خصوصی طور پر توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔

اگر اس سلسلے میں کسی ماہر آرکیٹیکچر کی خدمات حاصل کرلی جائیں تو یہ درست اقدام ہوگا۔ اس مضمون میں ہم گھروں کو دیدہ زیب بنانے اور ان میں دلکشی پیدا کرنے کے حوالے سے کچھ عوامل کا ذکر کررہے ہیں، تاکہ جب بھی آپ اپنا مکان تعمیر کرنے کا ارادہ کریں تو یہ باتیں آپ کے کام آئیں۔

مرکزی دروازہ

مرکزی دروازہ آپ کے گھر کا پہلا تاثر قائم کرتاہے اور یہ بات سبھی جانتے ہیں کہ پہلا تاثر ہی آخری مانا جاتا ہے۔ گھر کی تعمیر پر اٹھنے والے اخراجات کے باعث مرکزی دروازے کی تیاری پر نسبتاً کم خرچ کیا جاتا ہے لیکن تعمیراتی ماہرین یہ مشورہ دیتے ہیں کہ آپ تھوڑے زیادہ پیسے خرچ کرکے اسے جدیدڈیزائن کا بنوائیں۔ دروازوں کے انداز اور ڈیزائن کے حوالے سے آپ انٹرنیٹ کی مدد بھی لے سکتے ہیں، جہاںآپ کی رہنمائی کے لیے کئی ڈیزائن موجود ہیں۔

مرکزی دروازے میں کھڑکیاں یا روشن دان بھی بنوائے جاسکتے ہیں، جو ضرورت کے مطابق روشنی اور ہوا فراہم کرنے کا باعث بنیں گے۔ اس پر ایسا پینٹ کروائیں جو آپ کے پڑوسیوں کے دروازوں سے بالکل مختلف ہو تاکہ آپ کا دروازہ نمایاں لگے لیکن ایسا پینٹ نہ کروائیں جو آپ کے گھر کی تمام تر تھیم سے مختلف ہو اور دیکھنے میںگھر کا حصہ نہ لگے۔ اگر بجٹ اجازت نہ دے تو موجودہ بجٹ میںرہتے ہوئے بہتر سے بہتر مٹیریل اور ڈیزائن کی تلاش کریں۔

مماثل یا متوازن فیچرز

انسان ترتیب اور وضع کو پسند کرتا ہے، بکھر ہوئے یا بے معنی ڈیزائن اسے ایک آنکھ نہیں بھاتے ۔ اسی لئے گھر کو ڈیزائن کرتے وقت اس کے توازن (symmetry) کو دھیان میں رکھیں تاکہ وہ دور سے ہی دیدہ زیب نظر آئے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ اگر دائیں دو کھڑکیا ں بنارہے ہیں، تو بائیں بھی دو کھڑکیاں بنادی جائیں۔

متوازی نظر آنے(symmetrical look)کا مطلب یہ ہے کہ ڈیزائن میں توازن ہو یعنی ایک طرف کا ڈیزائن دوسری طرف کے ڈیزائن سے میچ کررہا ہو یا پھر دیکھنے میں بھلا (eye catching)لگے۔ ایسے گھر آپ کو باہر سے دیکھنے میں کبھی بورنگ نہیں لگتے۔

پورچ کی دلکشی

اکثر لوگ گھر بناتے وقت پورچ اور اس کی دلکشی پر زیادہ دھیان نہیں دیتے۔ آپ پورچ کی انٹیریئر ڈیزائننگ کے لیے پیسہ اور وقت لگاتے وقت مختلف آپشنز پر غور کرسکتے ہیں۔پورچ کے لیے آؤٹ ڈور لیونگ روم بھی ٹرینڈ کا حصہ ہے، جو نہ صرف آپ کے مہمانوں کا استقبال کرتا ہے بلکہ انھیں اس بات کا بھی اندازہ کروادیتا ہے کہ گھر کے اندریعنی انٹیریئر میں کیا کچھ موجود ہے۔

اگر پورچ کو چھوٹا بنوایا جائے گا تو ممکن ہے کہ وہ آپ کے گھر کی دلکشی کو متاثر کرے لیکن اگر بڑے پورچ کیلئے جگہ ہی نہیں ہے تو پھر آؤٹ ڈور لیونگ روم بنوانے کا ارادہ ترک کردیں۔ پورچ ایریا کوآپ تھوڑا وسیع کرتے ہوئے اس میں ریلنگ بھی لگا سکتے ہیں ،جس سے آپ کے گھر کی دلکشی میں زبردست اضافہ ہوسکتا ہے۔

اینٹیں اور پتھر

قدرتی مٹیریل جیسے اینٹیں ، پتھر اور لکڑی کا انتخاب اور ان کا استعمال آپ کے گھر کی ڈیزائننگ کے لیےبہت اہمیت رکھتا ہے۔ ان چیزوں میں پیسے کی بچت کرنے کے چکر میں اپنے گھر کی دلکشی اور پائیداری پر سمجھوتہ ہرگز نہیں کرنا چاہئے۔ یہ ایک بار کی سرمایہ کاری ہوتی ہے اور اس موادسے تیار کردہ مکان میں آپ نے سالہا سال رہنا ہوتا ہے۔ گھر کے بیرونی حصے (ایکسٹیریئر) میں لگی اینٹیں اور پتھر گھر کی خوبصورتی کے لیے بہت اہم ہوتے ہیں۔

اگر پورا گھر ہی پتھروں یا اینٹوں سے بنادیا جائے تو وہ زیادہ بھلا معلوم نہیں ہوگا، ہاںالبتہ دونوں کا امتزاج گھر کی دلکشی میں چار چاند لگا سکتا ہے۔ پتھروں کی بنیاد یا اینٹوں کے ستون گھر کی بیرونی دلکشی میں اضافہ کرتے ہیں۔

گیراج کا آپشن

آپ مکان کی نقشہ سازی کے وقت جگہ کا تعین کرکے گیراج بنوانے کے بارے میں فیصلہ کرتے ہیں۔ کچھ مکانات میںگیراج بڑے بنائے جاتے ہیں، تاہم اس وجہ سے مکان دیکھنے میں چھوٹا لگتا ہے، اسی لیے گیراج کا مقام اور حجم ایسا رکھا جائے جو مکان کی دلکشی کو متاثر نہ کرے۔

مکان کے رہائشی حصے سے متصل گیراج میں اگر ہم ایک جیسا پینٹ کردیں تو اس سے مکان چھوٹا دکھائی دینے کی شکایت بھی دور ہوجائے گی۔ اگر رہائشی ایریا اور گیراج کو الگ دکھانے والے پہلو کو ہٹا دیا جائے تو اس سے گیراج کا سائز نوٹس میں نہیں آئے گا۔