گھر کو بجٹ اور مزاج کے مطابق سجائیں

November 24, 2019

گھر ایک ایسی جگہ ہے جہاں ہم اپنی زندگی کا سب سے زیادہ وقت گزارتے ہیں۔ یہ ہماری شخصیت کا عکاس ہوتے ہیں، جنہیں خوبصورت بناکر دراصل ہم دنیا پر یہ عیاں کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ اس میں رہنے والے لوگ کیسے ہیں۔ غالباً، یہی وجہ ہے کہ ہم میں سے ہر شخص گھر کو خوبصورت اور پرکشش بنانے کی کوشش کرتا ہے۔ ایسا کرنے کے لیے وہ بہترین انداز سے اپنے گھر کو سجانے کے منصوبے بناتا ہے۔

اس کوشش میں بہت سارے لوگ اپنے لیے ’خوابوں کا گھر‘ سجانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں جبکہ کچھ لوگ بجٹ کی تنگی اور کچھ لوگ تخلیقی سوچ نہ ہونے کے باعث اپنے گھر کی اس طرح آرائش نہیں کرپاتے کہ وہ بجٹ کے اندر ہوتے ہوئے خوبصورت بھی لگے۔ آئیے اس مضمون میں جانتے ہیں کہ آپ اپنے بجٹ کے مطابق کس طرحگھر کی سجاوٹ کرکے اسے خوابوں کا گھر بناسکتے ہیں۔

شیلف کا استعمال

گھر میں پرکشش تاثر قائم کرنے کیلئے اپنے لیونگ روم، بیڈ روم یا کسی بھی کمرے میں شیلف کا استعمال کریں اور ان کو مختلف آرائشی اشیا سے سجائیں۔ اس سلسلے میں آپ آرائش کی مختلف چیزوں کے کلیکشن کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ آپ اپنے گھر کے مختلف رومز میں رکھے گئے شیلفس کو جس قدر منفرد اور خوبصورت آرائشی چیزوں سے سجائیں گے، آپ کے گھر کی خوبصورتی میں اتنا ہی اضافہ ہوگا۔

سادگی میں فصاحت

سادہ آئیڈیاز پر عمل کرکے آپ اپنے گھر کو خوبصورت اور فصاحت سے بھرپور بناسکتے ہیں۔ ممکن ہے کہ ضرورت سے زیادہ سجاوٹ آپ کو اچھی لگتی ہو لیکن یہی بات آپ کے مہمانوں کیلئے یقین کے ساتھ نہیں کہی جاسکتی، لہٰذا سجاوٹ میں سادگی اور سنجیدگی کے اصولوں کو اپنائیں۔ سادگی اور نفاست والا گھر سب کے موڈ کو بھاتا ہے۔

یادوں کی دیوار

اپنے گھر کی مختلف دیواروں کو سجاتے وقت کسی بھی ایک اہم دیوار کو یادوں کی دیوار کا درجہ دے دیں۔ یہ اس دیوار کو سجانے کا ایک کم قیمت لیکن انتہائی منفرد، یادگار اور بہترین طریقہ ہے۔ آپ یادوں کی اس دیوار کو مہنگی پینٹنگز سے سجانے کے بجائے اپنی فیملی کی اچھی، یادگار اور شوخ تصاویر کے ساتھ سجادیں۔ یہ گھر کی دیواروں کو استعمال کرنے کا نہ صرف ایک اسمارٹ طریقہ ہے بلکہ اس طرح آپ اپنی یادوں کو بھی محفوظ بنالیتے ہیں۔

کھڑکیوں پر کام

آپ کے گھر کی آرائش کا کام اس وقت تک ادھورا رہتا ہے جب تک آپ کھڑکیوں کو اپنے ڈیکوریشن پلان میں شامل نہ کریں۔ کچھ سادہ چیزیں کرکے بھی آپ اپنے کمرے کی شکل کو بدل سکتے ہیں۔ لازمی نہیں کہ آپ کھڑکیوں کیلئے ریگولر بلائنڈز کا انتخاب کریں بلکہ اس کے بجائے آپ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے خود سے بھی پردے ڈیزائن کرسکتے ہیں۔ پردوں کے لیے سلک، لینن جیسے کپڑوں یا لکڑی کا بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

بہترین کلر پینٹ کا انتخاب

گھر یا کسی بھی کمرے کو سجاتے وقت بہترین کلر پینٹ کا انتخاب کرنا سب سے مشکل فیصلہ ہوتا ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ آپ نے چاہے اپنے گھر کو کتنا ہی اچھا اور خوبصورت انداز میں سجایا ہوا ہو لیکن اصل فرق اس بات سے پڑتا ہے کہ آپ نے کلر پینٹ کے لیے کس رنگ اورکس کوالٹی کا انتخاب کیا ہے۔ لہٰذا گھر کے لیے بہترین رنگ اور بہترین کوالٹی کے پینٹ کا ہی انتخاب کریں۔ پینٹ کا رنگ بولڈ یا سوفٹ ہوسکتا ہے، تاہم یہ فیصلہ آپ کو اپنی مجموعی ڈیکوریشن تھیم کو مدِنظر رکھ کر کرنا ہوگا۔

روشنی کا اہتمام

اگر لائٹنگ پرکشش انداز میں کی جائے تو یہ آپ کے گھر کی خوبصورتی کو چار چاند لگادیتی ہے۔ سادہ فانوس لگانے کے بجائے اگر آپ ڈیزائنر لائٹ ڈیکوریشن کا انتخاب کریں گے تو وہ زیادہ بہتر رہے گا۔ آجکل ڈیزائنر لائٹ ڈیکوریشن کا سیکنڈ ہینڈ سامان بھی کئی جگہوںپر بہترین حالت اور کم پیسوں میں مل جاتا ہے۔ لائٹ ڈیکوریشن کے طور پر آپ مختلف چیزوں جیسے ٹیبل لیمپ اور لائٹ بلون وغیرہ کا استعمال ضرور کریں۔

قالین کی تبدیلی

اگر آپ محسوس کرتے ہیں کہ آپ کے گھر کا موجودہ قالین اتنا اسٹائلش نہیں ہے یا آپ پرانے قالین کو دیکھ دیکھ کر اُکتا گئے ہیں تو اسے گھر کی مجموعی کلر تھیم کےساتھ مطابقت رکھنے والے ڈیزائن کے نئے قالین سے تبدیل کرکے یہ مسئلہ حل کرلیں۔ قالین کے علاوہ آپ لکڑی کے فرش کا انتخاب بھی کرسکتے ہیں۔

آئینے کا استعمال

گھر کی سجاوٹ کرتے وقت آئینے کے لیے درست جگہ کا تعین کرنا گھر کی شکل ہی بدل کر رکھ دیتا ہے۔ آئینے کسی بھی جگہ کو کشادہ اور روشن بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ آپ آئینہ رکھنے کے لیے لیونگ روم، ڈائننگ روم او ر بیڈ روم کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

گھر کی سیٹنگ بدلنا

کبھی کبھی آپ اپنے گھر کو پرکشش بنانے اور اسے نئی شکل دینے کےلیے یہ بھی کرسکتے ہیں کہ گھر میں پہلے سے موجود آرائشی اشیا کی جگہ تبدیل کردیں۔ اس سلسلے میں آپ فرنیچر اور دیگر چیزوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جاسکتے ہیں، آپ دیکھیں گے کہ اس چھوٹی سی ورزش کے ذریعے آپ کا گھر اچانک سے نیا نیا سا لگنے لگا ہے۔