عالمی کتب میلہ،تیسرے روزبھی طلبا و طالبات ،نوجوانوں اور شہریوں کا رش

December 08, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر )کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری پانچ روزہ پندرھویں کراچی عالمی کتب میلے کے تیسرے روزبھی طلبا و طالبات ،نوجوانوں اور شہریوں کا رش رہا جنھوں نے نہ صرف بُک اسٹالز کادورہ کیا بلکہ انہوں نے اپنی پسند کی کتابیں بھی انتہائی کم قیمت میں خریدکر مسرت کا اظہار کیا۔ ہفتہ کوپاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین محمد سلیم بیگ ،نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر انعام الحق اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما امین الحق نے کراچی انٹرنیشنل بُک فیئر کا دورہ کیا جبکہ مختلف سیاسی ، مذہبی ،سماجی شخصیات سمیت نامور شاعروں اور ادیبوں کی آمد کا سلسلہ دن بھر جاری رہا جبکہ طلبا وطالبات نے نامور و اہم شخصیات کیساتھ سیلفی بھی بنوائی،نمائش 9دسمبر تک جاری رہے گی ،نمائش میں داخلہ فری ہے ، سیاسی اور سماجی شخصیات کا کہناتھا کہ جس طرح شہریوں کی بڑی تعداد اِس کتب میلے میں آرہی ہے ایکسپو سینٹر میں اُس لحاظ سے ہالز کی تعداد کو بڑھانے کی ضرورت شدت کیساتھ محسوس کی جا رہی ہے،اس موقع پر ایم کیو ایم کے امین الحق نے بُک فیئر میں اسٹالوں کا دورہ کرنے کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی علم وآگاہی کا مرکز رہا ہے۔ کراچی میں 90فیصد سے زائد شرح خواندگی ہے یہی وجہ ہے کہ اس نمائش میں طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد موجود ہے۔