پینٹ کیے بنا بھی لگے سب نیا نیا

December 20, 2019

کیا آپ بھی اس بات سے متفق ہیں کہ سال بھر مختصر تبدیلی کے ذریعے گھر کی سیٹنگ کو اَپ ڈیٹ کیا جائے۔ عام خیال ہے کہ کلر اسکیم اَپ ڈیٹ کرنی ہو یا پھرگھر کی ترتیب وسجاوٹ سے بوریت محسوس ہونے لگے توپورے گھر میں دوبارہ پینٹ کروالیا جائے یا پھر فرنیچر تبدیل کرلیا جائے۔ لیکن اس سب کے لیے اچھا خاصا بجٹ بھی درکار ہوتا ہے جس کی اجازت اکثر وبیشتر آپ کا بینک اکاؤنٹ نہیں دے پاتا۔

ایسے میں یہ اہم سوال ہے کہ گھر میں تبدیلی کس طرح کی جائے۔ کہا جاتا ہےکہ گھر کی سیٹنگ میں کی گئی تھوڑی سی تبدیلی انسان کے موڈ ہی نہیں نفسیات پر بھی بہتر اور مفید اثرات مرتب کرتی ہے۔ تو آئیے بات کرتے ہیں ان طریقوں کی جن پر عمل کرتے ہوئے بنا پینٹ کیے گھر کی سجاوٹ کو ایک نیا انداز دیا جاسکتا ہے۔

صوفہ کور اور رگس

لیونگ روم آپ کے گھر کا وہ حصہ ہے جہاں آپ کے دوست اور فیملی کے افراد اکٹھے بیٹھتے ہیں۔ چنانچہ یہ حصہ آپ پر یا آپ کے مہمانوں پر ایک خاص تاثرقائم کرتا ہے۔ اگر آپ کا لیونگ روم کسی ہلکے رنگ سے مزین ہے تو اس میں دو مخصوص رنگوں کا اضافہ کرکے لیونگ روم کو متاثر کن انداز دیا جاسکتا ہے۔

لیونگ روم کے صوفہ کور کے لیے نیلے رنگ کا انتخاب کیجیے۔ یہ انتخاب سینٹر صوفہ کور کے لیے بھی کیاجاسکتا ہے، دوسرا اضافہ لائم گرین کا ہے، جسے آپ لیونگ روم رگس کے لیے منتخب کرسکتے ہیں۔ ان دونوں رنگوں کا اضافہ آپ کے لیونگ روم کو ایک نئی تازگی اور جدت بخشے گا۔

رنگین کور اور کمبل

رنگوںکا انسانی نفسیات پر گہرا اثر ہوتا ہے اوریہ بات سائنسی تحقیقات سے بھی ثابت ہے۔ لہٰذا اگر سادہ سے گھر میں بھی تھوڑی سی سوجھ بوجھ کے ساتھ خوبصورت رنگوں کا اضافہ کردیا جائے تو یہ تبدیلی نہ صرف آنکھوں اور دل کو بھلی محسوس ہوگی بلکہ آپ کے گھر کو بھی ایک نئی ترتیب وسجاوٹ دے گی۔

لیونگ روم ہو یا بیڈ روم ان کی دیواریں اگر سفید رنگ کی ہوں تو صوفہ سیٹ کے لیے کشن کا انتخاب ہلکے رنگوں کے بجائے کلر فل کشن کور کی صورت کیجیے۔ ایک لیئر میں صوفے پر ترتیب کے ساتھ رکھے مختلف رنگوں کے کشن قدرتی تاثر دیتے ہیں۔ اسی طرح وائٹ بیڈ روم کلر اسکیم کے ساتھ اگر بیڈ شیٹ اور کمبل کے لیے گہرے رنگ کا انتخاب کیا جائے تو یہ چھوٹی سی تبدیلی بھی آپ کے کمرے کو ایک نئی تازگی دینے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

ٹیبل ٹاپ

ٹیبل ٹاپ یا ٹیبل ڈیکوریشن پیسز بھی کمرے کی سجاوٹ میں ایک خاص طریقے سے اثر انداز ہوتے ہیں۔ اگر ان کا انتخاب کرتے وقت کلر اسکیم، صوفہ سیٹ یا پھر فلور اسکیم کا خیال رکھا جائےتو آپ ایک بہترین انٹیریئر ڈیزائننگ حاصل کرسکتے ہیں۔

اگر آپ نے لیونگ روم کے لیےگہرے رنگ کا انتخاب کرنا ہے تو شوخ رنگوں والے ٹیبل ٹاپ پیسزکا استعمال کرکے لیونگ روم کو اَپ ڈیٹ کیا جاسکتا ہے مثلا ًگہرے سرمئی رنگ کے لیونگ روم میں سی گرین اور وائٹ کمبی نیشن والے کشن اور ٹیبل ٹاپ کا انتخاب بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔

پینٹڈ فرنیچر

کمرے کی اَپ گریڈیشن میں فرنیچر کا انتخاب بھی فعال اور متاثر کن حیثیت رکھتاہے۔ اور ڈرائنگ روم کے فرنیچر کی بات آئے تووہاں صوفہ سیٹ کا استعمال ضرور کیا جاتا ہے، جو جدید ہونے کے ساتھ ساتھ آرام دہ بھی ہو۔ صوفی سیٹ ایک ایسی چیز ہے، جسے آپ اپنے روم میں بنا پینٹ کروائے ایک نئی تازگی کے لیے منتخب کرسکتے ہیں۔

اگر آپ کے کمرے کی دیواریں ہلکے رنگوں سے مزین ہیں تو فرنیچر کا انتخاب شوخ رنگوں کی صورت کرکے کمرے کو ایک نئی رونق بخشی جاسکتی ہے۔ اسی طرح اگر آپ کا کمرہ گہرے رنگ سے مزین ہے تو صوفہ سیٹ کے لیے ہلکے رنگوں کا انتخا ب مناسب رہے گا۔

رگس

رگس کی صورت بھی پینٹ اسکیم کو خوبصورتی اور جدت بخشتی جاسکتی ہے، خاص طور پر ان کمروں میں جہاں ہلکے رنگ کروائے گئے ہوں۔ ان کمروں کے لیے رگس کاانتخاب کرتے وقت گہرے اور شوخ رنگوں کو منتخب کیجیے۔ رگس کے علاوہ صوفہ سیٹ کے لیے بھی شوخ رنگوں کا انتخاب بہترین ثابت ہو گا۔