ہرے پتوں والی سبزی... پالک

December 28, 2019

پالک میں قدرتی طور پر بے شمار غذائی اجزاء موجود ہوتے ہیں اور یہ بہت شوق سے کھائی جاتی ہے۔خاص طور پر پالک گوشت اور پلاؤ پنجابیوں کی من پسندیدہ غذا ہے۔پالک وٹامن اے، کے، ڈی اور ای کے علاوہ مختلف اقسام کے منرلز سے بھرپور ہوتا ہے۔ یہ ہر موسم میں دستیاب اور ہمارے ہاں خاص پسند کی جانے والی سبزی ہے۔

پالک میں موجود کیروٹینوئڈز نامی جزو آنکھوں کی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ہرے پتوںوالی یہ سبزی اینٹی آکسڈینٹ ہے اور کینسر سے بچاؤ میں معاون ثابت ہوتی ہے۔اس میں آئرن کی بھرپورمقدار موجود ہوتی ہےجو کہ ہڈیوں کی مضبوطی میں انتہائی فائدہ مند ہے۔پالک سے طرح طرح کے لذیذ پکوان بنائے جاتے ہیں۔چند پکوانوں کی تراکیب ملاحظہ فرمائیں۔

پالک اور چیز کوفتے

اجزاء۔ پالک۔ آدھا کلو، کاٹج چیز۔ 200گرام،نمک۔ حسب ذائقہ، پیاز۔ ایک عدد، ٹماٹر کا پیسٹ۔ ایک پیالی ،پسی ہوئی لال مرچ۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ،ہلدی۔ آدھا چائے کا چمچ، کٹی ہوئی کالی مرچ ۔ایک چائے کا چمچ، گرم مصالہ پسا ہوا ۔آدھا چائے کا چمچ،ڈبل روٹی کا چورا ۔آدھی پیالی،کارن فلور۔ دو کھانے کے چمچ،فریش کریم ۔چار کھانے کے چمچ،قصوری میتھی ۔ایک کھانے کا چمچ،ہری مرچ ۔دو سے تین عدد،تیل۔ حسب ضرورت

ترکیب۔

پالک کو چوپ کر کے دھولیں اور ابلتے پانی میں تین سے چار منٹ ابال کر چھلنی میں ڈال دیں۔ اوپرسے یخ ٹھنڈا پانی بہا کر اچھی طرح چھان کر خشک کر لیں۔ چاپر میں پالک اور ہری مرچیں ڈال کر چوپ کر لیں۔پھر اس میں نمک کارن فلوراور ڈبل روٹی کا چورا ڈال کر اچھی طرح ملالیں۔ کاٹج چیز میں نمک اور کالی مرچ ملا کر اس کے چھوٹے چھوٹے بولز بنا لیں۔پالک کے کوفتے بنا کر اس کے درمیان میں کاٹج چیز کا بال رکھ کر بند کر دیں اور انھیں کچھ دیر کے لئےفریج میں رکھ دیں۔

پین میں تیل ڈال کرکوفتوں کو سنہری فرائی کر لیں۔ پھر اسی پین میں تیل کم کر کے اس میں باریک کٹی ہوئی پیاز فرائی کریں۔ اس میں لہسن ڈال کرفرائی کریں پھر ٹماٹر کا پیسٹ،نمک، لال مرچ اور ہلدی ڈال کر ملائیں اور آدھی پیالی پانی ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ گریوی گاڑھی ہوجائے۔ آخر میں اس میں کریم ،گرم مصالحہ اور قصوری میتھی ڈال کر ہلکی آنچ پر دم پر رکھ دیں۔جب تیل علیحٰدہ ہو جا ئے تو چولہے سے اتار دلیں۔ڈش میں نکال کر اس میں فرائی کئے کوفتے ڈال کر گرم گرم چپاتی کے ساتھ پیش کریں۔

انڈین پالک کوفتہ پلاؤ

اجزاء۔کوفتوں کے لیے ۔پالک۔ ایک عدد (درمیانی گٹھی) ،ہری مرچیں ۔چار عدد، لہسن کے جوے۔ تین عدد ،ادرک۔ ایک انچ کا ٹکڑا دارچینی ۔ دو عدد ،لونگ ۔دو عدد ،ثابت دھنیا ۔ ایک چائے کا چمچ ،بیسن ۔ تین کھانے کے چمچ

بیکنگ سوڈا ۔ چٹکی بھر ،چھوٹی الائچی۔ چار عدد

نمک۔ حسب ذائقہ ،تیل۔ تلنے کے لیے

پلاؤ کے لیے ،چاول (بھگو دیں)۔ آدھا کلو ، پیاز ۔دو عدد (بڑی) (باریک چوپ کرلیں) ،آلو۔چار عدد ( درمیانے ) (چھیل کر موٹا کاٹ لیں) ،لہسن کے جوے ۔ بارہ عدد (گرائنڈ کرلیں) ،ادرک ۔ دو انچ کا ٹکڑا (گرائنڈ کرلیں) ،مٹر ۔ دو کپ (ابال لیں) ،کاجو۔ ایک کپ ،تیز پات۔ دو عدد ،چھوٹی الائچی۔ چھ عدد ،لونگ ۔ چھ عدد سیاہ مرچیں۔بارہ سے پندرہ عدد ،دارچینی۔ چار عدد ،زیرہ ۔ ایک چائے کا چمچ ،چینی۔ ایک چائے کا چمچ ،نمک ۔ حسب ذائقہ ،تیل ۔ حسبِ ضرورت

ترکیب۔

کوفتوں کے لیے ۔پالک کو دھو کر صاف کر کے ہری مرچوں، ادرک اورلہسن کے ساتھ گرائنڈ کرلیں۔ لونگ،چھوٹی الائچی، دار چینی،ثابت دھنیے کو اکٹھا گرائنڈ کرلیں۔ پسے ہوئے مصالحے، بیسن اور بیکنگ سوڈا کو مکس کرلیں۔ ایک پیالے میں پالک،بیسن اور نمک مکس کریںپھر اس کے کوفتے بنائیں۔کوفتوں کو گرم تیل میں ہلکی آنچ پر فرائی کرلیں کرسپی کر کے نکال لیں۔سوس پین میں تیل گرم کریں۔

اس میں کاجو فرائی کر کے نکال لیں اسی تیل میں آلو شامل کریں ۔گولڈن براؤن کر کے نکال لیں۔ اس میں چینی ڈالیں چینی گولڈن ہوجائے تو پیاز شامل کریں پھر نرم ہوجائیں تو لہسن اور ادرک شامل کر کے بھون لیں۔ ثابت گرم مصالحہ ڈالیں ایک منٹ بھون کر زیرہ، چاول، نمک اور پانی شامل کریں۔چاول تقریباً پک جائیں تو کوفتے شامل کر کے دم دیں۔ ڈش میں نکال کر گرم گرم فرائی آلو، ابلے مٹراور کاجو سے گارنش کر کے سرو کریں۔

بیکڈ پالک پنیر

اجزاء۔ٹماٹر (سلائس کرلیں)۔ 2 عدد، پالک (باریک کاٹ لیں)۔ 2 گٹھی، ادرک (باریک کاٹ لیں)۔ 1 انچ کا ٹکڑا،تیل۔حسبِ ضرورت ، پنیر۔ 1 پیالی، میدہ۔ 1کھانے کا چمچ، سوکھا دھنیا پاؤڈر۔ 2 چائے کا چمچ،کالی مرچ پاؤڈر۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ،مکھن۔ 1 کھانے کا چمچ،چیز (کترا ہوا)۔ 100 گرام،نمک ۔حسبِ ذائقہ،سفید زیرہ ثابت۔ 1 چائے کا چمچ

ترکیب۔

پالک، ادرک، لہسن تھوڑا سا پانی ڈال کر گلا لیں۔ پھر اسے میش کر لیں۔ تیل گرم کرکے اس میں زیرہ ڈال کر فرائی کریں۔ پھر زیرہ پاؤڈر اور دھنیاڈال کر فرائی کریں۔پالک کا آمیزہ ملا کر اچھی طرح مکس کریں۔آنچ بند کر دیں اور آمیزے کو بیکنگ ڈش میں ڈالیں۔

پنیر اور کترا ہوا چیز ملائیں اور پالک کے اوپر پھیلا دیں۔اس کے اوپر ایک پیالی چیز سوس ڈالیں۔ٹماٹر کے سلائس سجائیں۔مکھن چھڑکیں اورپہلے سے گرم کیے ہوئے اوون میں 15 منٹ کے لیے بیک کریں۔بیکڈ پالک پنیر سرو کرنے کے لیے تیار ہے۔

پالک آلو کے کباب

اجزاء۔پالک۔ ایک کپ (باریک کٹی ہوئی)

کشمش۔ ایک کھانے کا چمچ (کٹی ہوئی) نمک۔ حسبِ ذائقہ،بڑے آلو۔ تین عدد (اُبلے اور چھیلے ہوئے)،لہسن۔ پانچ جوئے (کُٹا ہوا)،نمک۔ حسبِ ذائقہ،پنیر۔ ایک کپ (کدوکش)،کاجو۔ آدھا کپ (کُٹا ہوا)،سرخ مرچ۔ حسبِ ضرورت،کارن فلور۔ ایک کھانے کا چمچ،ہری مرچ ۔دو عدد (کٹی ہوئی،ادرک۔ ایک انچ کا ٹکڑا (باریک کٹا ہوا)،پودینہ۔ تین چار پتیاں،تیل۔ فرائی کرنے کے لیے،ڈبل روٹی کا چورا ۔کبابوں پر لگانے کے لئے

ترکیب۔

ابلے ہوئے آلوؤں کے ساتھ دیئے گئے تمام مصالحے مکس کرکے ایک پیڑا سا بنائیں اور الگ رکھ دیں۔

پھر پانی ابال لیں اور پالک کو اس پانی میں شامل کر کے پکائیں۔

تھوڑی دیر بعد پالک نکال کر ٹھنڈے پانی میں ڈالیں اور نتھارنے کے بعد اس میں ساتھ دیئے گئے تمام مصالحے سوائے کارن فلور کے شامل کریں۔

پھر اچھی طرح مکس کرکے اس آمیزے کو کسی نان اسٹک برتن میں ہلکی آنچ پر پکائیں اور کارن فلور بھی شامل کر دیں۔

جب آمیزہ خشک ہو کر پیڑے کی شکل اختیار کرلے تو اتار کر ٹھنڈا کرلیں۔

آلو اور پالک کے مکسچر کو الگ الگ پانچ سے سات حصوں میں تقسیم کرکے انہیں کوفتوں کی طرح گول بنالیں۔

اب آلو سے تیار کیا ہوا کوفتہ ہتھیلی کے درمیان رکھ کر چپٹا کریں اور اس پر پالک کے آمیزے کا کوفتہ رکھ کر ذرا سا دباتے ہوئے اسے آلو کے آمیزے میں بند کرتے ہوئے بیضوی شکل کا کباب بنالیں۔اسی طرح تمام کباب تیار کرکے ان کو کارن فلور یا ڈبل روٹی کے چورے میں لپیٹ کر کچھ دیر کے لیے فریج میں رکھ دیں۔

نان اسٹک فرائنگ پین میں آئل گرم کرکے ان کبابوں کو فرائی کریں۔جب تمام اطراف سے سنہری ہو جائیں تو چھری سے درمیان میں کاٹ کر دو حصے کردیں۔ٹماٹو سوس یا چٹنی کے ساتھ گرما گرم سرو کریں۔