لیونگ روم کیلئے فرش کا انتخاب

December 29, 2019

مکان کی تعمیر کے دوران لیونگ روم کی ڈیزائننگ میں فرش کے انتخاب کا مرحلہ اہم ہوتا ہے۔ یہ مرحلہ کسی بھی منزل یا گھر کے کسی بھی حصہ کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ فرش کے لیے مختلف آپشنز پر غور کرتے وقت نہ صرف ڈیزائن بلکہ مواد کے معیار کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے کیونکہ مارکیٹ میں فرش کے لیے میٹ رنگ، بناوٹی، مٹی، پتھر، سرامک، لکڑی، سنگ مرمر اور یہاں تک کہ خام یا پالش سیمنٹ جیسے آپشن بھی دستیاب ہیں اور ان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا خاصا مشکل ہے۔

اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ لیونگ روم کے لیےفرش کا انتخاب کرتے وقت معیار کے ساتھ ساتھ ڈیزائن اور ٹرینڈز کو بھی ملحوظ خاطر رکھنا ضروری ہے کیونکہ اس سے گھر آنے والے مہمان بھی آپ کے جمالیاتی ذوق سے متاثر ہوتے ہیں۔ اس حوالے سےماہرین کی رہنمائی ذیل میں درج ہے، جو لیونگ روم کافرش منتخب کرنے میں آپ کی مدد کرے گی۔

مختلف مٹیریل کی دستیابی

فرش کےانتخاب کے لیے مارکیٹ میں کئی طرحکے مٹیریل دستیاب ہیں۔ مختلف ممالک میں لیونگ روم کے فرش کے لیے انتخاب کا طریقہ کار مختلف ہے۔ برطانیہ میں انٹیریئر ماہرین لیونگ روم کے فرش کے لیے مکینوں کو نیچرل فلورنگ کے ساتھ عمدہ کارپٹنگ کا مشورہ دیتے ہیں اور اس کا عملی مظاہرہ مغربی انٹیریئر ڈیزائننگ میں دیکھنے میں آتا ہے۔ مشرقی ممالک کی بات کی جائے تو یہاں لکڑی اور ٹائل کے فرش زیادہ عام ہیں۔

نیچرل فلورنگ اور کارپٹنگ

اگر آپ لیونگ روم کے لیےایک ایسا فرشی انتخاب چاہتے ہیں جو پاؤں کو نرم و گرم احساس فراہم کرے تو اس خواہش کو پورا کرنے کے لیے آپ کارپٹ یا پھرپلانٹ فائبرفلورنگ کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ نیچرل فلورنگ کے لیے سیزل فائبر (ایک خاص پودے سے حاصل کیا گیا ریشہ) اور رسٹک سی گراس موزوں انتخاب ہیں۔

دوسری خاص بات یہ کہ لیونگ روم کے لیے عام کارپٹ کے بجائے قدرے سخت کارپٹ منتخب کیجیے۔ ایسے کارپٹ 80فیصد وول(اون ) اور 20فیصد فائبر سے بنے ہوتے ہیں، جو نہ صرف چلنے میں نرم و ملائم ہوتے ہیں بلکہ کمرے کی سجاوٹ میں بھی ایک خوبصورت اضافہ ثابت ہوتے ہیں۔

ہارڈ فلورنگ

مشرقی ممالک میں فرش کے لیے نیچرل فلورنگ کے بجائے ہارڈ فلورنگ زیادہ عام ہے۔ لیونگ روم کے فرش کے لیے ہارڈ فلورنگ کی مختلف اقسام کا انتخاب کیا جاتا ہے، ساتھ ہی چلنے پھرنے میں آسانی کے لیے قیمتی اور معیاری کارپٹنگ کی جاسکتی ہے۔

ہارڈ فلورنگ میں وینائل اورلیمینیٹ ایسے انتخاب ہیں جو مناسب بجٹ میں گھر کو قدرتی ٹچ دینے کے لیے موزوں رہتے ہیں جبکہ ٹھوس لکڑی اور قدرتی پتھر بطور مواد خوبصورتی اور پائیداری دونوں کے لیے استعمال ہوتے ہیں ۔

لکڑی

لکڑی لیونگ روم کے لیے ایک نامیاتی (Organic)عنصر ہے،جو کئی اقسام اور مختلف ٹیکسچر کے ساتھ مارکیٹ میں دستیاب ہے۔ یہ اپنی منفرد شکل، ساخت اور خصوصیات رکھتی ہے۔ لکڑی کے فرش میں ایک خاص قسم کی نفاست اور دلکشی ہوتی ہے اوریہ درجہ حرارت کنٹرول کرنے میں بھی اہم کردار اداکرتاہے۔

اگرچہ لکڑی کافرش عام فرش کی بنسبت زیادہ مہنگا ہوتا ہے لیکن ایک بار تعمیر کے بعد پائیداری اور خوبصورتی کے سبب یہ آپ کے گھر کو قابل توجہ بنادے گا اور آپ کو تعریفی کلمات سننے کو ملیں گے۔

لیمینیٹ

لیمینیٹ لکڑی کے متبادل کے طور پر ایک بہترین انتخاب ہے، جو اُس وقت مزید اہمیت اختیار کر جاتا ہے جب آپ کم بجٹ میں خوبصورتی اور پائیداری دونوں کی خواہش رکھتے ہوں۔ عام طور پر لیمینیٹ فرش ایسے معلوم ہوتے ہیں، جیسے انھیں لکڑی سے تیار کیا گیا ہو، یہ گھر کو رسٹک ٹچ دینے میں بھی کافی مددگار ہوتے ہیں۔

اس کے بہت سے ڈیزائن مارکیٹ میں دستیاب ہیں، جن میں سے آپ اپنی پسند کے مطابق کوئی بھی چُن سکتے ہیں، تاہم انتخاب کرتے وقت لیمینیٹ کی ایسی قسم منتخب کریں، جس پر آسانی سے چلنا ممکن ہوسکے۔

وینائل

اگرچہ عام طور پر وینائل کے فرش کو رہائشی کمروں کے لیے منتخب کرنا زیادہ مقبول نہیں ہے، لیکن زیادہ مہنگی لکڑی اور پتھر کے متبادل کے طور پر اسے بہترین انتخاب تصور کیا جاتا ہے۔ دیگر مواد کے برعکس یہ پیروں کے لیے آرام دہ اور گرم ثابت ہوتا ہے، اس وجہ سے وینائل کے فرش کو اہمیت دی جاسکتی ہے۔

ٹائلز

ٹائلز کا انتخاب عام طور پر کچن، باتھ روم اور ہال وے کے لیے کیا جاتا ہے جبکہ لیونگ روم میں عام طور پر ٹائلز نہیں لگائے جاتے۔ تاہم، لیونگ روم کے لیے قدرتی پتھر (نیچرل اسٹون) سے تیار کردہ ٹائلز موزوں رہتے ہیں، جوکمرے میں دلکش بھی معلوم ہوتے ہیں۔

قدرتی پتھر

اوپن فلور پلان والے گھروں کےلیونگ روم میں فرش کیلئے قدرتی پتھر کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ یہاںماربل، گرینائٹ، لائم اسٹون اور سلیٹ کا فرش بہترین ثابت ہوسکتا ہے، جو کہ عام فرش کی نسبت دگنی مضبوطی رکھتے ہیں۔ آپ اپنی پسند کے مطابق قدرتی پتھر چُن سکتے ہیں، جو آپ کے کچن کے سامان اور ضروریات کے مطابق ہوں۔