سیلیبرٹیز ڈریسنگ روم اسٹائل

December 29, 2019

سجنا سنورنا کسے پسند نہیں ہوتا ، تمام لوگوںمیںنمایاں اور خوبصورت نظر آنا ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے۔ سجنے سنورنے میں وقت بھی لگتا ہے، لہٰذا اس کام کے لیے گھر میں کسی مخصوص جگہ کا ہونا ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دورِ جدید میں ڈریسنگ روم ہر گھر کی ضرورت تسلیم کیا جارہا ہے۔ سیلیبرٹیز کے گھروںکی بات کریں تو وہاںڈریسنگ روم کی اہمیت مزید دگنی ہوجاتی ہے۔

سیلیبرٹیز ہاؤسز کی تعمیر اور نقشہ سازی کے دوران ڈریسنگ روم کے لیے علیحدہ سے جگہ مختص کی جاتی ہے۔ آئیے آج کے مضمون میں یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ سیلیبرٹیز اپنے عالیشان گھروں میں کس طرز کے ڈریسنگ روم تعمیر کرواتے ہیں تاکہ آپ جب بھی اپنے گھر میں ڈریسنگ روم کی تعمیر کا ارادہ کریں تو یہ مضمون آپ کی رہنمائی کرسکے۔

کلوئی کارڈیشین

کہتے ہیں انسان کا طرز زندگی اس کی شخصیت کا عکاس ہوتا ہے اور یہ خوبصورت جملہ ریئلٹی ٹی وی اسٹار، ماڈل اور بزنس وومن کلوئی کارڈیشین کے طرز زندگی اور شخصیت کی صحیح ترجمانی کرتا ہے۔ کلوئی کارڈیشین خود جتنی خوبصورت نظر آتی ہیں، ان کا کیلی فورنیا کے شہر کلاباساس میں واقع گھر بھی اتنا ہی خوبصورت دکھائی دیتاہے۔

کلوئی کارڈیشین کےگھر میں بنے ڈریسنگ روم کو لاس اینجلس کے مشہور انٹیریئر انگلش ڈیزائنر مارٹن لارنس بلرڈ نے ڈیکوریٹ کیا ہے۔ ڈریسنگ روم کے فرش سے لے کر دیواروں، وارڈروب، شوز ریک حتٰی کہ سینٹر ڈریسنگ ٹیبل تک کے لیے سفید رنگ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ سینٹر ٹیبل کے وسط میں چھت پر لٹکتا خوبصورت فانوس، دیوار کے دائیں بائیں بنے خوبصورت شوز ریک ایک منفرد اور دلکش ماحول پیدا کرتے ہیں۔

ماریہ کیری

عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ماریہ کیری کے گھر کا ڈریسنگ روم ڈیزائن بھی ان کی شخصیت کی طرح دیگر سیلیبرٹیز سے منفرد اور بے حد اسٹائلش ہے۔ اس میں سفید کے بجائے رسٹک ٹچ، ڈریسنگ روم کے ماحول کو نمایاں اور منفرد بناتا ہے۔ ماریہ کیری نےنیویارک کے علاقے بیڈ فورڈ میں واقع اپنے پُرتعیش گھر کے ڈریسنگ روم کے لیےنیچرل ٹون کا انتخاب کیا ہے۔ ڈریسنگ روم کے چاروں اطراف شیلف اور وارڈروب کی تعمیر کے لیے معیاری لکڑی کے اصل رنگ( براؤن) کا ہی انتخاب کیا گیا ہے۔

چھت کی اوپری سطح سے چھلکتا دیواروں کا سی گرین رنگ وروغن کمرے کی دلکشی بڑھانے میں خاص کردار ادا کرتا ہے۔ دوسری جانب وارڈروب سے ذرا فاصلے پر اپنی قیمتی سینڈلز کو بحفاظت رکھنے کے لیے شوز شیلف بنوائے گئے ہیں۔ ڈریسنگ روم میں شیلف کی تعمیر کچھ اس طرح کروائی گئی ہے کہ نچلی سطح چوڑی اور اوپری سطح گنبد نما ہے، یہ شیلف ڈریسنگ روم کو ایک ڈرامائی شکل دیتے ہیں۔

کائیلی جینر

کائیلی جینر کو دنیا کی کم عمر ترین ارب پتی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ 21سال کی عمر میں جب لوگ مستقبل کے خواب بنتے ہیں، اس وقت کائیلی کئی لوگوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک ارب ڈالرز کمانے میں کامیاب ہوگئی تھی۔ تاہم دنیا کی یہ ارب پتی خاتون اتنی مصروف زندگی میں بھی سجنا سنورنا ہر گز نہیں بھولتی۔ کچھ وقت پہلےایک برطانوی میگزین کودیے گئے انٹرویو میں کائیلی نے بتایا تھا کہ وہ اپنا زیادہ تر وقت گلیمر روم (ڈریسنگ روم) میں ہی گزارتی ہے۔

اس کے بعد میگزین کی جانب سے سپر اسٹار کے لاس اینجلس میں واقع وسیع وعریض عالیشان گھر کی تصاویر شائع کی گئیں۔ ان تصاویر میں سب سے نمایاں، خوبصورت اور عالیشان ڈریسنگ روم تھا۔ چونکہ کائیلی کا پسندیدہ رنگ گلابی ہے، اس لیے ڈریسنگ روم کی تعمیر وسجاوٹ میں دو خاص رنگوں سفید اور گلابی کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔

سفید رنگ کا شاندار ڈریسر جس پر رکھا بے بی پنک رنگ کا کاؤنٹر ٹاپ، کائیلی کے اعلیٰ ذوق ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ دوسری جانب ڈریسنگ روم کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے عام شیشوں کے بجائے ہالی ووڈ لائٹڈ وینیٹی مرر کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ڈریسنگ روم کی خاصیت کائیلی کے شوز اور پرس ریک بھی ہیں، جن کے لیے ڈریسنگ روم میں الگ حصہ مختص کیا گیا ہے۔ پلر کی دیوار شوز ریک جبکہ ڈریسنگ روم کی مرکزی دیوار پرس ریک کے لیےمختص کی گئی ہے ۔

سرینا ولیمز

ہالی ووڈکی دیگر سیلیبرٹیز کی طر ح ٹینس اسٹار سرینا ولیمز بھی مہنگے کپڑوں، اسٹائلش جوتوں اورقیمتی جیولری کی شوقین ہیں۔ سرینا کے اس شوق کا اندازہ ان کےعالیشان ڈریسنگ روم ڈیزائن کو دیکھ کر کیا جاسکتا ہے، جہاں نہ صرف ہر رنگ کے ملبوسات ، جیولری اور جوتے موجود ہیں بلکہ اس کی تعمیر اور ڈیزائننگ بھی کچھ اس انداز میں کی گئی ہے کہ یہ دیکھنے والے کی تمام تر توجہ اپنی جانب مبذول کرلیتا ہے۔

گزشتہ برس سرینا ولیمز نے کیلی فورنیا کے شہر بیل ایئر میں واقع اپنے پرتعیش گھر کے ڈریسنگ روم کی تزئین نو کروائی، جس پر 10ملین ڈالر کا خرچہ آیا۔ تزئینِنو کے دوران ڈریسنگ روم میں واک اِن وارڈروب کا اضافہ کیاگیا۔ سرینا کے ڈریسنگ روم کی تقریباًہر دیوار خوبصورت اور اسٹائلش سفید رنگ کی درازوں، الماریوں اور شیلف پر مشتمل ہے۔ ان شیلف میں گاؤن سے لے کر زیورات تک تمام قیمتی اشیا رکھنے کے لیے منفرد اور اسٹائلش طرز کا اسٹوریج موجود ہے ۔