سالِ نو میں اپنا محاسبہ کریں…

January 19, 2020

سال2019 رخصت ہوگیا۔ نئے برس میں ضروری ہے کہ سب سے پہلے توگزشتہ برس کا محاسبہ کریں۔ کیا کھویا، کیا پایا ،کن چیزوں کا کرنا آپ کے حق میں بہتر ثابت ہوا ور کون سے افعال اچھے ثابت نہیں ہوئے۔ کن لوگوں کا دل دُکھایا؟ کس قدر گناہوں کا ارتکاب کیا، امر بالمعروف و نہی عن المنکر پر کتنے فی صد عمل کیا؟ کتنے گناہوں کی معافی مانگی اور کون سی اچھی عادات اپنائیں۔

ان تمام باتوں کا محاسبہ ، اس نئے سال کو بہتر بنانے میں آپ کی مدد کرے گا۔ ہر آنے والا سال اُمیدیں ،توقعات لے کر آتا ہے اور انسان کے عزم کو پھر سے جوان کردیتا ہے۔ ہر نئےسال کا آغاز اس بات کاپیغام ہے کہ ہماری زندگی کا ایک سال کم ہوگیا ہے ۔ ہم اپنےاختتام کے مزید قریب جارہےہیں، لہٰذا ہر گزرتے لمحے ہمیں بے حد سنجیدگی کے ساتھ اپنی زندگی اور وقت کا محاسبہ کرنا چاہیے کہ ہمارے اندر کیا کمیاں ، کمزوریاں اور خامیاں ہیں اور انہیں دُور کرنے کے لیےکیا کیا تدابیر اپنانی چاہئیں۔(سامعیہ نسیم، کراچی)