پاکستان اسٹاک ایکس چینج، کاروباری ہفتے کے دوسرے روز ملا جلا رویہ

January 15, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج، سرمایہ کاروں کا محتاط رویہ ،کاروباری ہفتے کے دوسرے روزملا جلا رویہ ،کے ایس ای100انڈیکس میں12پوائنٹس کی کمی، 49.73 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میںکمی ریکارڈ کی گئی، سرمایہ کاری مالیت 12ارب 81 کروڑ 47 لاکھ روپے گھٹ گئی ،کاروباری حجم بھی پیرکی نسبت 31.80فیصدکم رہا۔تفصیلات کے مطابق مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کار تذبذب کا شکار نظر آئے اور ملکی سیاسی ومعاشی صوتحال کے پیش نظر فیصلہ کرنے میں بے یقینی کا شکار رہے جس کے نتیجے میں اتار چڑھاؤ کا رجحان ریکھنے میں آیا اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس11.63پوائنٹس کی کمی سے 43207.04پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس2.45پوائنٹس کی کمی سے 20030.06پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 47.53پوائنٹس کی کمی سے 29973.44پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر376کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 173کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ187میں کمی اور16میں استحکام رہا ۔مندی کے باعث مارکیٹ کے سرمائے میں12ارب 81کروڑ47لاکھ روپے کی کمی ہوئی جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ گھٹ کر80کھرب 80ارب58کروڑ58لاکھ روپے ہوگیا۔منگل کو24کروڑ64لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا جوپیر کی نسبت11کروڑ64لاکھ شیئرزکم ہے۔ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے لحاظ سے شیزان انٹرکے حصص کی قیمت24.99روپے کے اضافے سے بڑھ کر 558.99روپے اور محمود ٹیکس کے حصص21روپے کے اضافے سے 442روپے ہوگئی جب کہ کولگیٹ پامولو اورنیسلے پاکستان کے حصص کی قیمتوں میں باترتیب100روپے اور75روپے کی کمی ہوئی جس سے کولگیٹ پامولو کے حصص کی قیمت 2500 روپے اورنیسلے پاکستان کے حصص کی قیمت 8ہزار روپے ہوگئی ۔نمایاں کاروباری سرگرمیوں کے لحاظ سے بینک آف پنجاب، ٹی آر جی پاک ،ٹی پی ایل کارپوریشن،بائیکو پٹرولیم، کے الیکٹرک ،اینگرو پولیمر،سمٹ بینک ،میپل لیف،دیوان سیمنٹ اور پاک الیکٹران کے شیئرز نمایاں رہے ۔