ایمپلائز یونین لاکھڑا کول مائنز جامشورو کے ملازمین کا احتجاج جاری

January 19, 2020

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ایمپلائز یونین لاکھڑا کول مائنز جامشورو کے ملازمین نے مطالبات کے حق میں حیدرآباد پریس کلب کے سامنے 9 ویں روز بھی احتجاج جاری رکھا۔ اس موقع پر ایمپلائز یونین کے رہنماؤں حاجی امداد علی کھوسو اور دیگر کا کہنا تھا کہ لاکھڑا کول مائنز کے حوالے سے وفاق اور حکومت سندھ میں جاری تکرار کے باعث لاکھڑا کول مائنز کے 116 ملازمین گذشتہ چار ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے ملازمین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ملازمین فاقہ کشی کا شکار ہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ‘ وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل اور حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ قومی مفادات کے تحت پی ایم ڈی سی کی لیز کو بحال کیا جائے اور ملازمین کی تنخواہیں جاری کرکے مزدوروں کا معاشی قتل عام فوری بند کیا جائے۔