اعجاز فاروقی کرکٹ، شہر میں ڈھائی سال بعد کلب سرگرمی کا آغاز

January 28, 2020

معین خان سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم آل کراچی پروفیسر اعجاز فاروقی کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کررہے ہیں

پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت سے اور رائز نگ اسٹار کرکٹ کلب کے زیر اہتمام ان دنوں آل کراچی پروفیسر اعجاز فاروقی انوٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ کھیلا جارہا ہے، اس ایونٹ کے آغاز سے کچھ عرصے تعطل کے بعد کراچی میں کلب کر کٹ کی سر گرمیاں دوبارہ شروع ہوئی ہیں جو خوش آئند قدم ہے، کسی بھی کھیل میں نئے کھلاڑیوں کی تلاش اور انہیں گروم کرنے کی نرسری کلب مقابلے ہوتے ہیں،ان ہی مقابلوں سے پاکستان نے قومی کر کٹ ٹیم کو ماضی میں کئی نامور کر کٹرز فراہم کئے ہیں۔

اس ایونٹ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی قومی کر کٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان تھے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں کراچی سے کلب کرکٹ کھیلتا رہا ہوں یہاں کلب کرکٹ کا انعقاد ہو تو بڑی خوشی محسوس ہوتی ہے کلبز اور کھلاڑیوں کی بے انتہا سرپرستی پر اعجاز فاروقی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں 80 ٹیموں کا ٹورنامنٹ بغیر کسی فیس کے کرانا کرکٹ کی بڑی خدمت ہے اعجاز فاروقی جیسے کرکٹ سے محبت کرنے والے بےلوث لوگوں کی وجہ سے نہ صرف کرکٹ آرگنائزر کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔

بلکہ کرکٹ کی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں بھی آسانی ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی شارٹ کٹ سے بچیں اور بھرپور مدت کریں محنت ضائع نہی جاتی اس کا ثمر ضرور ملتا ہے بلند حوصلے کے ساتھ مثبت انداز میں کھیلیں اور ڈسپلن کا خیال رکھیں اس موقع پر پروفیسر اعجاز فاروقی نے کہا کہ میں پی سی بی کا مشکورہوں کے انہوں نے میرے نام سے منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ کی اجازت دی ٹورنامنٹ سے کلب کرکٹ کو فروغ حاصل ہوگا ہماری کوشیش ہے کہ کراچی میں کلب کرکٹ کو ترقی ملے۔

تقریب سے چیئرمین ٹورنامنٹ کمیٹی محمد توصیف صدیقی نے کہا کہ ہم پی سی بی کے شکر گذار ہیں جنہوں نے ہمیں ٹورنامنٹ کے انعقاد کی اجازت دی انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں 80 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جس میں 79 میچز کھیلے جائیں گے،ٹورنامنٹ سیکریٹری جمیل احمد نے کہا کہ کراچی کرکٹ کے فروغ میں اعجاز فاروقی کا بڑا اہم کردار ہے۔

اعجاز فاروقی کے بحیثیت صدر کے سی سی اے تین سالہ دور میں 2014 سے 2017 تک کے سی سی اے نے 908 میچز کا انعقاد کیا اور کراچی کی کرکٹ ترقی کی طرف گامزن تھی تقریباً ڈھائی سال کے تعطل کے بعد کسی آل کراچی ٹورنامنٹ کا انعقاد ہورہا ہے ،اس موقع پر تقریب میں ٹیسٹ کرکٹر ز آصف مجتبٰی ، توصیف احمد ، جلال الدین ، راشد خان ، عظیم حفیظ انٹر نیشنل کرکٹر ز غلام علی ،محمود حامد اطہر لئیق کے علاوہ محبوب شاہ ، انوار الحق ، ظفر احمد ، محمد رئیس ، اعظم خان ، لیاقت علی ، ظہیر الدین ، محمد اکرم ، جاوید خان ، شہزاد عالم ، سعید جبار ، منیر قادری اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں، نظامت کے فرائض شاہد نواب نے انجام د ئیے۔