ہے غزل یا ہے وہ صندل شوخ چنچل کون ہے...

February 09, 2020

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: زرتاج ہاشمی

ملبوسات: مُنوش کلیکشن

آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر

عکّاسی: ایم کاشف

لے آؤٹ: نوید رشید

’’ محبّت‘‘ اُس دیے کی مانند ہے،جوخواہ کتنا ہی گہرااندھیرا کیوں نہ ہو،مگر جب جلتا ہے، تو اس کی ننّھی سی لَو ہر منظراُجلا، منوّرکردیتی ہےاور جس دِل میں محبّت کاایسادیپ روشن ہو کہ جس کی لَو گردشِ دوراں بھی نہ بُجھا سکے، تو چاہے محب نظروں سے دُور، بہت دُور ہی کیوں نہ ہو، ہر سانس کے ساتھ دِل نگر میں بسا ہی محسوس ہوتا ہے۔ وہ بانو قدسیہ نے اپنی ایک تحریر میں لکھا تھا ناں کہ’’بند آنکھوں سے نظر آنے والے لوگ وہ ہوتے ہیں، جو دِل کے اُس کونے میں بستے ہیں، جہاں سے محبّت جنم لیتی ہے۔‘‘تو سو فی صد سچ ہی لکھا تھا۔ اگر خوش قسمتی سے کسی کو ایسی اَن مول محبّت نصیب ہوجائے، تو کیا ہی کہنے کہ کسی چاہنے والے کے لیے سجنے سنورنے کا تو سحر ہی کچھ اور ہوتا ہے۔ اور ہماری آج کی بزم ان ہی سجنے سنورنے، سراہنے، داد دینے والوں کے لیے سجی ہے۔

ذرا دیکھیے، بنارسی فیبرک میں طلائی رنگ ٹراؤزر کے ساتھ سیاہ رنگ ٹیل فراک کی دِل کشی و زیبائی کیا غضب ڈھا رہی ہے۔فراک کے ایک طرف اور آستینوں پر گولڈن زری کے ساتھ نلکیوں، نگوں اور موتیوں کا انتہائی حسین کام کیا گیا ہے، جس نے لباس کی شان کچھ اور بھی بڑھا دی ہے۔ گِرے اور بلیک کے سدا بہار کامبی نیشن میں ایک اسٹائلش سا انداز ہے، تو پستئی رنگ سِلک فیبرک میں پلین غرارہ پینٹ کے ساتھ شِمر فیبرک میں سائیڈ ٹیل انگرکھا ہے، جس کے ایک جانب پینٹکس اور دوسری جانب زَری کا جال ہے۔ اِسی طرح پِیچ پنک رنگ شِمری سِلک ساٹن کے اسٹائلش بیل باٹم کے ساتھ ڈبل لیئر انگرکھا ہے،جس کا اِنر پلین، تو اَپر بروشیا فیبرک کا ہے۔ انگرکھے کےگلے پر وی شیپ میں پھولوں کا موٹف خوش گوار تاثر دے رہا ہے، تو ڈبل لیئر بیل باٹم سلیوز کا انداز بھی منفرد ہے۔اور سِلک ساٹن میں بلڈ ریڈ رنگ کی قمیص کی رعنائی بھی کچھ کم نہیں۔

ان میں سے کوئی سا بھی رنگ و انداز منتخب کرلیں، ہر دِل سے بے اختیار یہی آواز آئے گی؎ہے غزل یا ہےوہ صندل،شوخ چنچل کون ہے۔