پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) برطانیہ نے احتجاجی جلسے میں فیلڈ مارشل سے متعلق خاتون کی تقریر سے اظہار لاتعلقی کا اپنا بیان ڈیلیٹ کردیا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ برطانیہ میں احتجاج کے دوران خاتون کی تقریر سے اُن کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
پی ٹی آئی برطانیہ کے بیان میں کہا گیا تھا کہ متعلقہ خاتون پارٹی کی عہدے دار بھی نہیں، خاتون کے خیالات، زبان، طرز گفتگو پارٹی کے موقف کی عکاسی نہیں کرتے۔
تاہم یہ ٹوئٹ اب پی ٹی آئی یوکے نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کردیا۔
خیال رہے کہ حکومتِ پاکستان نے گزشتہ روز برطانوی حکومت کو خط لکھ کر اس کی سر زمین سے پاکستان میں دہشت گردی، تشدد اور عدم استحکام پیدا کرنے والوں کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
حکومتِ پاکستان نے برطانوی حکومت سے منفی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے برطانوی ہوم آفس کو خط لکھا۔
اس حوالے سے لکھے گئے خط کے مطابق پی ٹی آئی سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ایسی ویڈیو زیرِ گردش ہے جس میں آرمی چیف کو قتل کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے، یہ مواد نہ بیان بازی اور نہ ہی سیاسی ہے، یہ واضح طور پر اقوامِ متحدہ کے رکن ملک کی اعلیٰ فوجی شخصیت کے قتل پر اُکساتا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی سے منسلک پلیٹ فارمز سے مسلسل انتشار اور تشدد کی کالز دی جارہی ہیں۔
خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ برطانیہ قتل اور تشدد کی کالز دینے والوں کو شناخت اور تحقیقات کر کے ان افراد کے خلاف مقدمہ چلائے۔