• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر زرداری نے چین سے وہ طیارے منگوائے جس نے بھارت کے 6 جہاز گرا کر جنگ میں کامیابی حاصل کی، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جن طیاروں نے بھارتی طیاروں کو گرایا وہ صدر زرداری نے منگوائے تھے۔ 

گڑھی خدا بخش میں شہید بےنظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اس سال کی سب سے بڑی کامیابی جنگ کے میدان میں بھارت کو شکست دینا ہے اور بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی پوری قوم کی جیت ہے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ گڑھی خدا بخش کی قربانی کی وجہ سے پاکستان ایٹمی قوت بنا، میزائل ٹیکنالوجی ملی، صدر زرداری کی وجہ سے چین اور پاکستان کی دوستی میں مزید اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے فیلڈ مارشل کا نام سن کر بھارت کا مودی چھپ جاتا ہے، بھارتی وزیراعظم آج دنیا کے اسٹیج سے غائب ہوگیا ہے، پاکستان کی ایئرفورس کی بھی بہت بڑی کامیابی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  18 سال گزر چکے ہیں قاتلوں اور دہشت گردوں کیلئے بڑا جواب آج کا جلسہ ہے، معیشت اور سیاسی مسائل ہیں، کوشش ہے ان سے عوام کو باہر نکالیں، 27ویں ترمیم عوام کی کامیابی ہے، محترمہ کا مشن بھی پورا کیا، آئینی عدالت بنا کر قائد عوام کے خواب کو پورا کیا، پیپلز پارٹی ہمیشہ وفاق اور صوبوں کی سیاست کرتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر وفاق کا معاشی مسئلہ ہے تو ہم اس مسئلے کو حل کرنا چاہیں گے، مسائل کو حل کرنا ہماری زیادہ ذمہ داری ہے، صوبے سے اختیار چھیننے کے بجائے مزید اختیار ملنا چاہیے، ٹیکس کا نظام صوبوں کے ساتھ مل کر حل کرنا چاہیے، ایف بی آر سے زیادہ ٹیکس جمع کر سکتے ہیں، صوبوں کےحق پر ڈاکا ڈالنے کی سوچ کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں، سیپکو، حیسکو، فیسکو وغیرہ کی ذمہ داریاں صوبوں کو ملنی چاہیے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہماری معیشت ترقی کر رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کے دور کے مقابلے میں مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے، عوام ہم سے پوچھتے ہیں یہ معاشی ترقی ہمیں کب نظر آئے گی؟ 

انہوں نے کہا کہ بےنظیر بھٹو کا آخری پیغام مفاہمت کا تھا، بے نظیر بھٹو نے اپنی آخری کتاب بھی مفاہمت پر لکھی، سیاسی بحران سے نکالنے کے لیے مفاہمت کی ضرورت ہوگی، مفاہمت کو کامیاب ہونے کے لیے سیاسی انتہا پسندی کو چھوڑنا ہوگا، سیاسی کارکنوں کو سیاست کو واپس سیاست کے دائرے میں لے کر آنا پڑے گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ 9 مئی جیسے حملے، اداروں کو گالیاں دینا، یہ سیاست کے دائرے میں نہیں ہوتے، ہم نے سیاسی اختلاف کیا اور کامیاب بھی ہوئے، بےنظیر بھٹو نے سیاسی انتہا پسندی کو رد کیا، بےنظیر کی شہادت پر پورے پاکستان میں آگ لگی ہوئی تھی، پورے ملک میں نہ کھپے کے نعرے لگ رہے تھے آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر وفاق کو بچایا اور آمر کو بھی بھگایا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی تقسیم میں ہماری سیاست اور جمہوریت، معیشت اور قومی سلامتی کو نقصان ہو رہا ہے، پاکستان کو سیاسی بحران سے نکالنا ہے تاکہ معاشی بحران سے نکل سکیں، اگر مشکلات کا حل نکالنا ہے تو سیاسی قوتوں کو سیاسی راستہ نکالنا ہوگا، اپوزیشن جماعتیں ذمہ داری سے سیاست کریں اور حکومتی جماعتوں کو ملکی مفاد میں سوچنا چاہیے اور اس کے مطابق کردار ادا کریں، ایک شخص ہے جو پاکستان کو سیاسی تقسم سے نکال سکتا ہے اور وہ مفاہمت کا بادشاہ ہے وہ ایک ہی شخص آصف زرداری ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سیلاب متاثرین خواتین کو گھر کی ملکیت دے رہے ہیں، عام آدمی کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے کوشش کر رہے ہیں، غریب عوام کے علاج کیلئے مفت سہولیات کا نظام لیکر آئے، آج سندھ میں علاج کی بہترین سہولیات کا مقابلہ دنیا سے ہے، این آئی سی وی ڈی میں دل کا بالکل مفت علاج ہوتا ہے، گمبٹ میں کڈنی اور دیگر مرض کا بالکل مفت علاج ہوتا ہے، غریب کا علاج بالکل مفت کے ساتھ معیاری ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 18ویں برسی پر گڑھی خدا بخش میں جلسہ ہوا، کارکنوں کے لیے 20 ایکڑ پر مشتمل مرکزی پنڈال تیار کیا گیا ہے، برسی کے موقع پر سیکیورٹی کیلئے ساڑھے 8 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔

گڑھی خدا بخش میں بےنظیر بھٹو کی 18 برسی میں شرکت کے لیے آنے والے کارکنوں اور جیالوں کے لیے بریانی کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں حکومتی وفد نے بھی شرکت کی۔

ایاز صادق نے کہا محترمہ بےنظیربھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے آئے ہیں، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کا لمبی اننگ کھیلنے کا ارادہ ہے، علم نہیں کہ 28 ویں ترمیم آرہی ہے، پی ٹی آئی مذاکرات چاہتی ہے تو انھیں اسمبلی آنا ہوگا۔

 مشیر وزیر اعظم رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ کوشش کی کہ سیاسی جماعتیں مذاکرات کی میز پر بیٹھیں، بانی پی ٹی آئی شروع سے سیاسی مذاکرات پر یقین نہیں رکھتے۔

اس سے قبل اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ بےنظیر بھٹو نے آئین، پارلیمان اور عوام کے ووٹ کےحق کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔

آصف زرداری نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی زندگی نوجوانوں کیلئے پیغام ہے کہ وہ انصاف کے لیے پُرامن طریقے سے آواز اٹھائیں، نفرت کے بجائے اتحاد کا راستہ اپنائیں۔

بلاول بھٹو نے شہید بی بی کے مشن سے غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ 27 دسمبر ہمارا اجتماعی سوگ، غور و فکر اور عزم کی تجدید کا دن ہے، پیپلز پارٹی سماجی و معاشی انصاف، آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

قومی خبریں سے مزید