انڈر 19ورلڈ کپ، بڑا شو آج پاک بھارت مقابلے کیلئے اسٹیج تیار

February 04, 2020

انڈر 19ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور روایتی حریف بھارت سیمی فائنل میں آمنے سامنے آگئے ہیں ، آج منگل کو جنوبی افریقا کے شہر پوچسٹروم میں کرکٹ کے چھوٹوں کا بڑا اہم مقابلہ ہوگا،دنیا بھر کی نگاہیں خود بخود اس میچ پر مرکوز ہے۔یہ ایونٹ کا سب سے بڑا،اہم اور منافع بخش شو ہوگا۔دوسرا سیمی فائنل 6فروری کو بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کھیلیں گے، ایونٹ کا فیصلہ کن میچ 9فروری کو ہوگا۔

انڈر 19ورلڈ کپ 2020میں افغانستان،بنگلہ دیش کی کارکردگی نہایت ہی متاثر کن رہی جبکہ انگلش ٹیم ابتدائی مرحلے سے باہر ہوگئی آسٹریلیا کو بھی غیر متوقع جھٹکا لگا ۔پاکستان ،بھارت ،نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش نےمسلسل اہم فتوحات اپنے نام کیں ۔پاکستان کے جونیئر کرکٹرز نے انڈر 19ورلڈ کپ کی ڈاک ہارس افغان ٹیم کو سپر لیگ کوارٹر فائنل میں روند کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

فائنل فور تک کے سفر میں پاکستان نے گروپ سی سے ا سکاٹ لینڈ،زمبابوے کو ہرایا، بنگلہ دیش سے میچ بارش کی نذر ہوا،دوسری جانب بھارت نے گروپ اے سے سری لنکا ،نیوزی لینڈ اور جاپان کو ہرایا،کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کو مات دی، دونوں سائیڈ کے کھلاڑیوں میں کتنا دم خم ہے، بیٹنگ میں گرین شرٹس کے محمد حارث 4میچزمیں 110 رنزبناکر ٹاپ پر ہیں۔

انکے علاوہ کوئی بیٹسمین 2سے 3اننگ میں 100سے اوپر مجموعی طور پر نہیں جاسکا، پاکستان کا کوئی بیٹسمین ورلڈ کپ کے ٹاپ 20 بیٹسمینوں میں بھی شامل نہیں ہے،بولنگ میں عباس آفریدی 4میچزمیں 9وکٹ لیکر سر فہرست ہیں ، بھارتی بیٹسمین جیسوال 207رنزبناچکے ہیں ، روی بشوئی 11وکٹ کے ساتھ چوتھے ہائی وکٹ ٹیکر ہیں۔ ماضی میںانڈر 19 ورلڈ کپ سے اسٹیون ا سمتھ، ویرات کوہلی، کین ولیمسن اور سرفراز احمدنے اپنی قومی ٹیموں کی قیادت کی۔

پہلا یوتھ ورلڈ کپ 1988ء میں آسٹریلیا میں ہوا، جس سے ناصر حسین اور مائیک ایتھرٹن کرس کرینز، مشتاق احمد، انضمام الحق، سنتھ جے سوریا، برائن لارا، ریڈلے جیکبز اور جمی ایڈمز 1998کے ایونٹ سے کرس گیل، رمیش سروان2000 کے ایونٹ سے محمد کیف ،شین واٹسن گریم اسمتھ اور یورراج سنگھ 2002 میں ہاشم آملہ، ٹائبو ،شان مارش جارج بیلی اور کیمرون وائٹ ،2004 میں شیکر دھون،آر پی سنگھ ،روبن اوتھاپا،دنیش کارٹیک،الیسٹر کک، دنیش رامدین اور ٹم برسنین ۔

2006 میں سرفراز احمد ، چتشور پجارا،ٹم سائوتھی اور اوئن مورگن 2008 میں ویرات کوہلی رویندرا جدیجا،ڈیرن براوو،وین پار نل ٹرینٹ بولٹ احمد شہزاد اور کورے اینڈرسن مستقبل کے بڑے سپر اسٹاربنے2012 کے اسٹار کوئنٹن ڈی کک تھے۔2014 کے ورلڈ کپ میں کلدیپ یادیو،کیگیسو رباڈا،کشال مینڈس اور مستفیض الر حمان کمال کارکردگی کے ساتھ آج کے اسٹار بنے۔

انڈر19ورلڈ کپ کا آغاز 1988ء میں یوتھ کپ سے ہوا تھا۔ فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو ہرا کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیاتھا۔پاکستان کو 1988ء ،2010اور 2014ء میںرنر اپ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔اس طرح پاکستان کو5 اور بھارت کو مجموعی طور پر6مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز ملا۔