کوونٹری سٹی میں منعقدہ ’کشمیر یکجہتی کانفرنس‘ کا احوال

February 17, 2020

کوونٹری، صدر آزاد کشمیر ،فہیم کیانی ، بیرسٹر شبیر ، الطاف بھٹ و دیگر

تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے لڑکپن میں ہی جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے انسانیت کی خدمت کا کام شروع کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے مسئلہ کشمیر کو دنیا میں اجاگر کرنے کی ٹھان لی، آج اس نوجوان نے کشمیریوں اور پاکستانیوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر کے مسئلہ کشمیر کو برطانوی اور یورپی ایوان میں پہنچا دیا۔

ہر مقام اور سطح پر بھارت کو بے نقاب کیا، شہر شہر گلی گلی بھارت کی زیادتیوں اور معصوم کشمیریوں پر ڈھائے گے مظالم کو سرعام دیکھایا، گزشتہ دنوں صدر ریاست آزاد جموں کشمیر سردار مسعود خان کو برطانیہ کے دورہ کی دعوت دی تو برطانیہ کے ہر شہر میں کشمیر گونج اٹھا اور بھارت بالخصوص مودی بدنام ہوا، صدر آزاد کشمیر کی کرشماتی شخصیت نے عوامی سطح پر ایک ولولہ اور جذبہ پیدا کیا، عوام کا جوش جذبہ دیدنی تھا۔

یوں تو برطانیہ بھر میں صدر ریاست کی آمد پر پروگرام منعقد کیے گئے،لیکن کوونٹری سٹی میں بھی ایک خوبصورت اور منفرد کانفرنس کا اہتمام ہوا اس موقعے پر صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کوونٹری سٹی میں منعقدہ کشمیر یکجہتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ بھارتی حکومت اور آر ایس ایس کشمیریوں کو ان کی حق خودارادیت کے حصول سے کبھی نہیں روک سکتے، پاکستان کی فوج اور عوام بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار بیٹھے ہیں، بھارت کا رویہ اشتعال انگیز اور حرکات غیر ذمہ دارانہ ہیں، جس سے دنیا میں غلط اثرات مرتب ہو رہے ہیں، بھارت دنیا میں تنہا ہو جائے گا۔

اسے انسانیت کی اور عالمی قوانین کی قدر کرنا ہو گی، کشمیریوں کو ان کا حق آزادی دینا ہو گا، وگرنہ کشمیری اپنا حق خود لے لیں گے ،انھوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی عالمی فورم پر تقاریر نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اوورسیز کشمیری، عالمی طاقتوں کو مسئلہ کشمیر سے آگاہ کریں ،اپنے اپنے ممبران پارلیمنٹ کو بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے آگاہ کریں ، بالخصوص نوجوان طبقہ باہر نکلے، خواتین رہنمائی کریں اور معصوم کشمیریوں کو بھارت کے چنگل سے آزادی دلوانے کے لیے کمر بستہ ہو جائیں کیونکہ اب مسئلہ کشمیر حل ہونے جا رہا ہے۔

انہوں نے تحریک کشمیر کے نوجوان صدر فہیم کیانی کی خدمات کو سراہا، انھوں نے کہا کہ فہیم کیانی نے برطانیہ بھر میں بڑی تندہی سے ان کے دورہ کو کامیاب کرایا اور ہم برطانیہ کے ایوانوں میں کشمیریوں کے حق میں بات کرنے میں کامیاب ہوئے،جس کے لیے تحریک کشمیر برطانیہ یورپ کے کنوینر محمد غالب کا بھی بڑا حصہ ہے، انہوں نے کشمیری حریت لیڈر الطاف احمد بھٹ کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی وساطت سے ہمیں مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ڈھائےجانے والے مظالم کاعلم ہوا۔ کانفرنس سے الطاف احمد بھٹ نے کہا کشمیر کا ہر شہری کشمیر کا سپاہی ہے ،پاکستان کی حکومتوں نے ہر سطح ہر کشمیریوں کی حوصلہ افزائی کی کیونکہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے ۔