بارسلونا قونصل خانہ اتوار کو بھی کام جاری رکھے گا، قونصل جنرل عمران علی چوہدری

February 24, 2020

اسپین میں پاکستانی کمیونٹی نے محنت مشقت اور دن رات ایمانداری سے چھوٹے چھوٹے بزنس کرکے مقامی کمیونٹی کے ساتھ روابط بڑھائے ہیں اور دیار غیر میں اپنا مقام پیدا کیا ہے ، مقامی ہسپانوی کمیونٹی کا ڈر اور خوف وجھجھک ختم کرکے اُن کے ساتھ بہتر ہمسائیگی بڑھائی اور دوریاں ختم کرکے قربتوں کو فروغ دیا ہے ، پاکستانی کمیونٹی کی ا سپین میں آمد کا سلسلہ 70کی دہائی سے شروع ہوا تھا جب پاکستانی مزدور طبقہ ہسپانوی شہروں میں موجود کوئلے کی کانوں میں کام کرنے کے لئے آئے تھے ، آہستہ آہستہ پاکستانیوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا گیا اور انہوں نے اسپین کے دوسرے شہروں کا رخ کیا جہاں چھوٹے چھوٹے کاروبار سے لے کر محنت مزدوری کرکے اپنا اور اپنے اہل خانہ کا بہترین مستقبل بنانے کی سعی شروع ہوئی جس میں آج پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد کامیاب ہو چکی ہے ، پاکستانی کمیونٹی کے بہت سے افراد کاروباری سیکٹر میں اپنا لوہا منوا چکے ہیں جبکہ ٹیکسی سیکٹر اور دوسرے اداروں میں پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد اپنی پہچان منوا چکی ہے ، پاکستانی کمیونٹی کے نوجوان وکالت ، ڈاکٹری ، انجینرنگ اور دوسرے شعبوں تک پہنچ چکے ہیں ۔

اسپین میں پاکستانیوں کی کل تعداد تقریبا ایک لاکھ 30ہزار ہو چلی ہے ، اس تعداد کا 60سے 70فیصد حصہ اسپین کے صوبہ کاتالونیا کے دارلحکومت بارسلونا اور اس کے گرد و نواح میں مقیم ہے ،جو مختلف شعبوں میں طبع آزامائی کر رہا ہے ، بارسلونا اور اس کے گردو نواح میں مقیم پاکستانیوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے حکومت پاکستان نے سفارت خانہ پاکستان میڈرڈ کے ساتھ ساتھ قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا کا قیام ضروری سمجھا اور 2007میں بارسلونا قونصل خانہ قائم کر دیا گیا ، بارسلونا اور اس کے گرد ونواح میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا دیرینہ خواب پورا ہو گیا اور میڈرڈ جانے کے وقت کا ضیاع اور اخراجات تقریبا ختم ہو گئے ، پاکستانی کمیونٹی نے سکھ کا سانس لیا اور اپنے پاسپورٹس ، شناختی کارڈز اور دوسرے دستاویزات کی تصدیق کا کام بارسلونا میں ہی شروع ہونے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا ۔

پاکستانی کمیونٹی کے کام جلد ہونے شروع ہو گئے جس کی وجہ سے مزدور طبقے کو سہولت ملی ، بارسلونا کا قونصل خانہ اتوار والے دن مقامی چھٹی کی وجہ سے بند ہوتا تھا ، موجودہ قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری نے محسوس کیا کہ پاکستانی مزدور طبقہ کو اسپین میں کام کرنے کی وجہ سے صرف اتوار والے دن چھٹی ہوتی ہے اور اس دن قونصل خانہ بند رہتا ہے ، انہوں نے اپنے تمام عملے کے ساتھ مشورہ کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پاکستانی کمیونٹی کو سہولت دینے اور اتوار والے دن جن لوگوں کو چھٹی ملتی ہے ان کے کام کرنے کے لئے قونصل خانہ اتوار والے دن بھی کھلا رکھا جائے ، اس مشورے پر عمل کرتے ہوئے قونصل جنرل بارسلونا نے اعلان کر دیا کہ اب قونصل خانہ اتوار والے دن بھی کھلے گا لہذا 2 فروری 2020 سے پاکستان قونصلیٹ بارسلونا نے پہلی ’’اتوار قونصلر سروسز'‘‘کا آغاز کر دیا۔ قونصلیٹ اب ہر اتوار کو صبح 11 بجے سے دوپہر 2 بجے تک پاسپورٹ سمیت تمام قونصلر خدمات کے لئے کھلا رہتا ہے۔کام کروانے کا وقت لینے کے لئے واٹس ایپ نمبر 34631831885+ کے ذریعے رابطہ کیا جاتا ہے اور جو وقت ملتا ہے اس پر پہنچ کر اتوار والے دن بھی کام کروایا جاسکتا ہے۔

قونصل جنرل عمران علی چوہدری نے ، قونصلیٹ آفس کے محنتی اور دیانتدار عملے کو مبارکباد دی اور شاباش دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے بارسلونا میں اپنے ہم وطنوں کی خدمت کے لئے رضاکارانہ طور پر کام کرکے ایک خوبصورت مثال قائم کی ہے جس سے آپ نے وزیر اعظم پاکستان اور وزیر خارجہ کے ویژن کےمطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمت اور مدد کا خواب سچ کر دکھایا ہے ۔ویسے قونصل خانہ بارسلونا میں قونصل جنرل نے پاکستانیوں کے لئے وکلاء کی سہولت ، ماں باپ کے لئے سیشن ، ہائیپا ٹائٹس کے مفت ٹیسٹ ، کمیونٹی پروگرامز کے لئے قونصل خانہ کے ہال یہ سب کچھ کمیونٹی کے لئے پیش کر دیا ہے جو اس سے پہلے کبھی ممکن نہ تھا ۔

اتوار کو قونصلیٹ سروسز مہیا کرنے کے تین مقاصد ہیں۔

۱۔ پاکستانی اور ہسپانوی بچوں کو پاسپورٹ، ویزا اور شناختی کارڈ اپلائی کرنے کے لئے اسکول سے چھٹی نہ لینی پڑے۔

2۔پاکستانی کمیونٹی بنیادی طور پر مزدور طبقے سے تعلق رکھتی ہے جوپورا ہفتہ کام کرتے ہیں اور ان کو چھٹی ملنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ دیکھا گیا ہے کہ ان میں سے بیشتر اجرت کھونے کے خوف کی وجہ سے گھبرا کر جلدی میں قونصلیٹ آتے ہیں اور بعض اوقات اپنے پاسپورٹ، شناختی کارڈ اور سرٹیفیکیٹ اپلائی کرتے ہوئے نوکری کھونے کے ڈر میں رہتے ہیں۔

3۔ دور دراز علاقوں میں پاکستانیوں کو چھٹی حاصل کرنے اور قونصلیٹ آنے کے لئے آسانی پیدا کرنا۔ یہ قونصلیٹ یورپ کے ہر علا قے سے آنے والے پاکستانیوں کو بھی خدمات فراہم کرتا ہے۔

یہ سہولت صرف پاکستان قونصلیٹ بارسلونا کے ذریعہ فراہم کی گئی ہے۔قونصلیٹ اتوار کے روز کم عملے کے ساتھ کام کرتا ہے۔ ہمارے لئے اتوار کے روز دستاویزات واپس کرنا ممکن نہیں ہے۔ پروسیسنگ کے بعد دستاویزات منگل سے روزانہ 3 سے 4 بجے کے درمیان یا اتوار کو 12سے 1 بجے کے درمیان لیے جاسکتے ہیں۔قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا کی یہ کوشش ہے کہ حقیقی معنوں میں ہمارا قونصل خانہ’’ماں کے جیسا‘‘ادارہ بنے۔ پاکستانی کمیونٹی نے قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری کے اس اقدام کو بہت سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ آنے والے قونصل جنرل بھی اس روایت کو قائم رکھیں گے ۔