انضمام الحق اپنے کیریئر میں کس بالر سے خوفزدہ تھے؟

February 26, 2020


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری بیٹسمین انضمام الحق نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی کھلاڑی سچن ٹنڈولکر کی گگلی بال کھیلنا بہت مشکل تھا۔

پاکستان ٹیم کے کوچ انضمام الحق نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو میں بھارتی کھلاڑی سچن ٹنڈولکر سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے ہر طرح کے بالر کا سامنا کیا ہے، میرے لیے بڑے اچھے اچھے بالرز کی گگلی ریڈ کرنا بہت آسان ہوا کرتا تھا مگر سچن ٹنڈولکر واحد ایسا رائٹ اپ لیگ اسپن کرتا تھا جس کی میں گگلی ریڈ نہیں کر پاتا تھا اور سچن نے مجھے کئی بار آؤٹ کیا۔

انضمام الحق نے سچن ٹنڈولکر کے کھیل سے متعلق تفصیلی گفتگو کے دوران ان کی خوب تعریفیں کیں، کہا کہ ایسا کوئی کھلاڑی میں نے آج تک نہیں دیکھا کہ جس نے 16 ، 17 سال کی عمر میں ایسی کرکٹ کھیلی ہو، کوئی غیر معمولی کھلاڑی ہی ا یسا کھیل کھیل سکتا ہے، اتنی چھوٹی سی عمر میں آ کر بڑے کھلاڑیوں کے سامنے ایسی بیٹنگ کرنا، بے خوف کھیلنا یہ بس سچن ٹنڈولکر ہی کر سکتا ہے ۔

انہوں نے مزید کہاکہ ٹنڈولکر واحد کھلا ڑی ہے جو کرکٹ کے لیے ہی بنا ہے، مجھے ایسا لگتا ہے کہ سچن اور کرکٹ بنے ہی ایک دوسرے کے لیے ہیں۔

انضمام الحق نے سچن ٹنڈولکر کا ڈیبیو جو انہوں نے پشاور میں کھیلا تھا، سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ سچن نے اپنے ڈیبیو میں ہی مشتاق کو چھکے مارے توقادر نے سچن سے مذاق میں کہا کہ مشتاق چھوٹا بچہ ہے، اسے کھیلنا بڑی بات نہیں میری بالنگ کھیل کر دکھاؤ جس پر سچن نے اگلے ہی اوور میں قادر کو 4 چھکے مار دئیے ۔

انضی نے سچن کی بیٹنگ لائن اور اسکور سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دور میں ہزاروں رنز کرنے کا کوئی تصور ہی نہیں تھا ، اس دور میں صرف سنیل گواسکر نے 10 ہزار کا اسکور کیا تھا اور میں سمجھتا تھا کہ یہ ریکارڈ کبھی نہیں ٹوٹے گا ، اس ریکارڈ کو بھی سچن نے توڑا، سچن نے اسکورزکے سارے ریکارڈ توڑ دیئے اور یہ بات سب کو بتائی کے ریکارڈ ٹوٹنے کے لیے ہی بنتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب میں اس انتظا میں ہوں کے سچن نے جو اسکوروں کے انبار لگائے ہیں ان ریکارڈز کو اب کون توڑے گا۔