پریس کونسل میں خلاف ضابطہ بھرتی 36افسران وملازمین فارغ ہونگے

February 27, 2020

اسلام آ باد( رانا غلام قادر) سابق چیئرمین کےدور میں پریس کونسل آف پاکستان میں خلاف ضابطہ بھرتیوں کا ا نکشاف ہوا ہے۔ ذ رائع کے مطابق پریس کونسل آف پاکستان کے 36 افسران اور ملازمین کو فارغ کرنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے تاہم حتمی فیصلہ ابھی ہونا با قی ہے۔ وزارت اطلاعات و نشریات نے افسران، ملازمین کی فہرست تیار کر لی ہے۔ کونسل کے ذ رائع کے مطا بق سابق چیئرمین نے اخبارات میں شتہار دیے بغیر یہ بھرتیاں کیں جس کے وہ مجاز نہیں تھے۔ آڈٹ رپورٹ میں ان بھرتیوں پر اعتراض کیا گیا تھا۔ دو افسروں کو نکالا گیا تھا جو ہائی کورٹ میں گئے لیکن وہ مقدمہ ہار گئے ۔ کونسل نے وزارت اطلاعات و نشریات کو سمری بھیجی ہے کہ یا تو ان ملازمین کو ریگولرائز کیا جا ئےیا پھر فارغ کیا جا ئے۔ وزارت کی رائے یہ سامنے آئی ہے کہ انہیں فارغ کر دیا جا ئے۔ فہرست میں لیگی حکومت کے دور میں بھرتی کیے گئے 28 افسران، ملازمین شامل ہیں ۔گریڈ 19کا ایک، گریڈ 18کے 4 افسران کو فارغ کرنے کی تجویز ہے۔گریڈ 19 کے ڈائریکٹر اعجاز باقری ،گریڈ 18 کی ڈپٹی ڈائریکٹر نورین احمد۔ گریڈ 18 کی ڈپٹی ڈائریکٹر شنیلا صدف، ایمن شاہد، گریڈ 18 کے پروگرامر تیمور کیانی بھی فہرست میں شامل ہیں ۔گریڈ 17 کے 4 افسران بھی فہرست میں شامل ہیں ۔گریڈ 17 کے عدنان رفیق، رحمت اللہ، فیصل بن نصیر، وقار بن ارشد شامل ہیں ۔گریڈ 16 کے 9 افسران کو ملازمت سے برطرف کرنے کی تجویز ہے۔گریڈ 14 کے 3 ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کرنے کی تجویز ہے۔ گریڈ 9 کے 6، گریڈ 4 کے 3 ملازمین بھی فہرست میں شامل ہیں ۔گریڈ ایک کے 6 ملازمین کو بھی ملازمت سے برطرف کرنے کی تجویز ہے۔