میکسیکو میں 3Dپرنٹنگ پر مشتمل کمیونٹی کی تعمیر

March 01, 2020

میکسیکو میں دنیا کی پہلی 3D پرنٹڈ کمیونٹی اس وقت تیار ی کے مراحل میںہے۔ تعمیر مکمل ہونے کے بعد وہاں کی غریب ترین کمیونٹیز میں سے کچھ لوگوں کو کم لاگت رہائش کی سہولت مل سکے گی۔ اس منصوبے کے50مکانات میں سے دو مکان پہلے ہی پرنٹ کیے جاچکے ہیں، جن میں سے ہر ایک کی پیمائش 46میٹر اسکوائر ہوگی۔ اس کمیونٹی کو 2020ء کے آخر تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

یہ کمیونٹی میکسیکو کی ٹباسکو ریاست میں غریب ترین لوگوں کی رہائش کے لئے وقف ہوگی کیونکہ وہاں کے غریب یا دیہی علاقوں میں رہنے والے خاندان اس وقت سیلاب کا شکار تھے اور وہ جن مکانوں میں رہائش پذیر ہیں وہ دھاتوں، لکڑی اوردیگر دستیاب مٹیریل سے بنا ئے گئے تھے۔ اس پروجیکٹ کو امریکا کی نیو اسٹوری اور میکسیکو میں ایشالے (Échale) نامی فلاحی ادارے تیار کر رہے ہیں۔3D پرنٹڈ کمیونٹی بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کمپنی آئیکون (ICON ) کے ساتھ شراکت کی گئی ہے۔ لہٰذا یہ ضروری ہے کہ تھری ڈی مکانات شدید بارشوں کے دوران آفات کا مقابلہ کرسکیں اور خشک رہیں۔

3D گھر کیسے بنتے ہیں؟

3D پرنٹڈ کمیونٹی میں گھر بنانے کیلئے والکن II ، آئیکون ساختہ پرنٹر استعمال ہورہا ہے، جوکئی دنوں تک تقریباً24گھنٹے کام کرتاہے۔ والکنII تین سال کی پروٹو ٹائپنگ کا نتیجہ ہے جس میں اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ پرنٹر منصوبے کو مکمل کرنے کے قابل ہو۔ آئیکون کے مطابق والکن II بیک وقت دو 500 مربع فٹ اور2ہزار فٹ والے مکان کی تعمیر بھی کرسکتا ہے۔ والکنII کی مدد سے 9فٹ اُونچی اور 28فٹ چوڑی دیواریں بنائی جاسکتی ہیں۔ 33فٹ کا پرنٹر ایک کنکریٹ مکس تیار کرتا ہے جو خشک ہونے پر سخت ہوجاتا ہے۔ دیواروں کے ساتھ ایک وقت میں ایک پرت بنائی جاتی ہے۔

امریکی ادارے نیو اسٹوری کا کہنا ہے کہ یہ مرکب روایتی کنکریٹ کے مقابلے میں سخت ہے۔ اس فاؤنڈیشن کو زلزلے جیسی قدرتی آفات کا مقابلہ کرنے کیلئے زیادہ مضبوط بنایا گیاہے۔ آئیکون کے مطابق ، ــ’’اس ٹیکنالوجی کی مدد سے ہم ایک کسٹم ہوم پرنٹ کرسکتے ہیں اور مٹیریل کے کم ضیاع سمیت گھر بنانے کے روایتی طریقوں سے کم قیمت پر تیز تر تعمیرات کر سکتے ہیں۔ اگرچہ اس منصوبے کی لاگت نیواسٹوری کے ذریعہ ظاہر نہیں کی گئی، تاہم دونوں فلاحی اداروں نے گھروں میں منتقل ہونے کے دوران ابتدائی اخراجات پورے کرنے کیلئے ہر خاندان کی تنخواہ کا 20سے30٪ فیصد ادا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

3D پرنٹنگ کا مستقبل؟

سائٹ کی تعمیر میں 3D پرنٹنگ بڑا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے اور اس کی مدد سے کسی بھی تعمیرات کو بہتر بنانے کے لیے مختلف مواد تیار کیے جاسکیں گے۔ میکسیکو میں یہ پروجیکٹ سستی رہائش کے لئے تھری ڈی پرنٹنگ کی صلاحیت کو اجاگر کرتا ہے۔ مزید یہ کہ روایتی تعمیراتی طریقوں کے مقابلے میں تھری ڈی پرنٹنگ تعمیرات میںسرمایہ کاری مؤثر ہوسکتی ہے، تاہم اس میں مکمل عمل خودکار نہیں ہے۔

منصوبے میں ایشالے نامی فلاحی ادارے کے کردار کی بات کریںتو یہ ادارہ پہلے رہائش کے اسٹرکچر میں داخل ہو گا اور جب یہ تیار ہو جائے گا توفوری طور پر کھڑکیوں اور دروازوں کی تیاری کا کام کرے گا۔ میکسیکو میں سستی رہائش حکومت کے لئے پریشان کا باعث رہی ہے، جس کے لیے کثیر سرمائے کی ضرورت ہے۔ بہت سے اخراجات میں بچت کے ذریعے لوگ اپنے گھروں کو خود تعمیر کرنے کی راہ اپنا رہے ہیں۔

3D پرنٹر کیسے کام کرتا ہے؟

کمپیوٹر میں سب سے پہلےڈیجیٹل سافٹ ویئر پر مطلوبہ تھری ڈی ڈیزائن تخلیق کیا جاتا ہے۔ پھر کمپیوٹر سےاس ڈیزائن کو تھری ڈی پرنٹر میں منتقل کیا جاتا ہے۔ اس مرحلے پر پلاسٹک یاپرنٹر میںموجود مٹیریل کو پگھلانے کے بعد پرنٹر اس ڈیزائن کی تہیں (لیئرز) جمانا شروع کر دیتا ہے۔کسی بھی تھری ڈی آبجیکٹ کی پرنٹنگ کی مدت ڈیزائن کے سائز اور اس کی پیچیدگی پر منحصر ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر ایک موبائل فون کیس پرنٹ کرنے میں تقریباً تیس منٹ لگتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق پلاسٹک تو اس میں عام سیاہی (Ink) ہے لیکن دیگر کے طور پر سرامک، دھات، مٹی، شکر اور چاکلیٹ بھی استعمال کی جاسکتی ہے اور یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ کیا بنانا چاہتے ہیں۔ اگر آپ کسی کو چاکلیٹ سے بنا ’’دل‘‘ دینا چاہتے ہیں تو آپ چاکلیٹ انک استعمال کرلیں۔ اگر آپ چاندی سے بنا دل دینا چاہتے ہیں تو آپ چاندی بطور سیاہی استعمال کرلیں۔

اگر آ پ نے تھری ڈی ماڈلنگ یا تھری ڈی پرنٹنگ سے کوئی عمارت تعمیر ہوتے نہیںدیکھی تو آپ یوٹیوب پر یہ عمل دیکھ سکتے ہیں۔ آپ کو ایسا محسوس ہوگا جیسے جادو کے ذریعے یہ سب کام ہورہا ہے۔ دنیا میںکروڑوں لوگ اپنی چھت سے محروم ہیں ، اگر تھریڈی ٹیکنالوجی زیادہ مہنگی نہیںہوتی تو اس سے لاکھوںلوگوں کیلئے سستے مکانات بنانے کا امکان پیدا ہو سکتاہے۔