کچن کیبنٹ کا بالائی حصہ استعمال میں لائیں

March 07, 2020

دن بھر خواتین کا اچھا خاصا وقت کچن میں ہی گزرتا ہے تو کیوں نہ اسے زیادہ سے زیادہ وضع دار (اسٹائلش) بنانے پر غور کیا جائے؟ کچن کی تزئین وآرائش کے حوالے سے بات کریں تو اس میں کئی چیزوں کو اپنی پسند کے مطابق سجانے پر غور کیا جاسکتا ہے۔ لیکن زیر نظر عنوان میں ہم کچن کیبنٹس کے اوپر والے حصے کو استعمال میں لانے اور اس کی سجاوٹ کے منفرد ٹرینڈز سے متعلق بات کر رہے ہیں کیونکہ بہت کم گھروں میں اس پر دھیان دیا جاتا ہے۔

عام طور پر دیکھا جائے تو کچن کیبنٹس کی اوپری سطح زیادہ تر گھروں میں بیکار اور خالی خالی محسوس ہوتی ہےلیکن ا گر آپ کو کیبنٹس اور چھت کے درمیان کچھ جگہ مل گئی ہے تو اس کو خالی چھوڑنے کے بجائے اس کی سجاوٹ کے متعلق غور کریں۔ سجاوٹ کا یہ انداز منفرد ہے ، جو آپ کے کچن کا نقشہ بدل کر رکھ دے گا۔

معنی خیز سجاوٹ

کچن کی تزئین و آرائش کے دوران آرائشی اشیا رکھنے کی جگہ بھی متاثر کن کردار ادا کرسکتی ہے۔ لیکن ہوسکتا ہے کہ آرائشی اشیا رکھنے کے لیے کوئی جگہ مختص نہ کی گئی ہو کیونکہ عام طور پر گھروں میں خواتین ان چیزوں(مثلاً یادگار تصاویر، گلدان، روایتی آرائشی اشیا) کو کیبنٹ یا بیسمنٹ کی زینت بنادیتی ہیں یا انھیں محضڈرائنگ روم کی سجاوٹ تک محدود کردیتی ہیں۔ کچن کیبنٹس کی اوپری سطح آرائشی اشیا کو نمایاں کرنے کے لیے بہترین انتخاب ثابت ہوسکتی ہے۔ آپ اس جگہ کو گلدان، کتابوں اور تصاویر کو نمایاں کرنے کےلیے استعمال کرسکتے ہیں۔ بالخصوص پھولوں سے بھرے گلدستے اور یادگاری فریم کو نمایاں کرنے کے لیے یہ جگہ مثالی ہے۔

اسٹوریج

کیبنٹ کی اوپری سطح بطور اسٹوریج استعمال کرنے کے لیے بہترین تصور کی جاتی ہے۔ اسٹوریج کے طور پر استعمال کرنے کے لیے اوپر ی سطح پر کیبنٹ کی پیمائش کے مطابق اس سے ہی ہم رنگ لکڑی کا عمودی فریم تیار کروایا جاتا ہے۔ بعدازاںکچن میں آرائش کی خاطر ہر عمودی فریم میں ایک ٹوکری (باسکٹ) رکھ کر ان کو اشیائے ضروریہ ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتاہے۔ واضح رہے کہ ان ٹوکریوں میں آپ کچن کا ضروری سامان رکھ کر اس جگہ کوبطور سجاوٹ بھی استعمال کرسکتے ہیں ۔

پرانے طرز کی آرائشی اشیا

رواں برس سجاوٹ کے لیے پرانے طرز (ونٹیج لک) کی آرائشی اشیا کا انداز اپنایا جارہا ہے۔ آپ بھی کچن کیبنٹس کی اوپری سطح کو ونٹیج لک دینے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں، جس کے لیے وہاںپرانے طرز کی آرائشی اشیا مثلاًروایتی انداز والی ہینگنگ لائٹس اور ڈیکوریشن پیسز کا اضافہ بہترین رہے گا۔ دوسری جانب، اگر آپ کے پاس کچن میں بہت بڑی جگہ موجود ہے توہینگنگ آرٹ کے نام پر فیملی فوٹوز،شیشے،ونٹیج بیکنگ یا کوکنگ ٹولز کااضافہ آپ بلا جھجک کرسکتے ہیں۔

بڑا آرائشی سامان

اگرآپ کے پاس کچن کیبنٹ اور چھت کے درمیان زیادہ جگہ موجود ہے تو وہاں عام یا پھر چھوٹے سائز کا آرائشی سامان رکھنا نامناسب رہے گا کیونکہ ایک اونچی چھت اور کیبنٹس کے درمیان چھوٹے سائز کی اشیا نظر نہیں آئیں گی اور جگہ بھی خالی خالی لگے گی۔ چنانچہ انٹیریئر ماہرین ایسے کچن کے لیےبڑے سائز کےآرائشی سامان کا انتخاب ضروری سمجھتے ہیں۔ سجاوٹ کا یہ انداز آپ کے کچن میں جدید لک فراہم کرنے کے لیے بہترین رہے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی جگہوں کے لیے بڑے سائزکے آرٹ والے سرامک گلدان کا انتخاب کیا جائے، ہر کیبنٹ کے لیے ایک ہی رنگ اور سائز کے خوبصورت گلدانوں کا انتخاب سود مند رہتا ہے۔

آرٹ گیلری

آرٹ گیلری وال کسی بھی دیوار کو آرائشی اور کلاسیکل لک دینے کے لیے بہترین تصور کی جاتی ہے۔ آرٹ گیلر ی وال ایک ایساسجاوٹی انداز ہے جو برس ہا برس گزرنے کے باوجود بھی اپنی اہمیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔ اپنی پسند کے فن پاروں کو آگے پیچھے رکھتے ہوئے کیبنٹس کی اوپری سطح پر ایک گیلری وال تخلیق کی جاسکتی ہے۔ اس حصے کے لیے سیاہ و سفید رنگ کی آئل پینٹنگز کا مجموعہ یکسانیت پیدا کرنے کے لیےمناسب رہتا ہے۔

پودے

اگر آپ بھی باغبانی میں دلچسپی رکھتے ہیں اور پودوں کی دیکھ بھال کے لیے وقت کی کمی جیسے مسائل کا سامنا بھی نہیں ہے تو کیبنٹس کے اوپر والی جگہ کو استعمال میں لاتے ہوئے یہاںپودے بھی رکھے جاسکتے ہیں۔ یہ ٹرینڈ مغرب میں کافی مقبول ہے، تاہم آپ کچن کیبنٹس کی اوپری سطح کے لیے ایسے پودوں کا انتخاب کیجیے جنہیں سورج کی کم روشنی اور پانی درکار ہوتا ہے ۔ دوسری جانب پودو ں کیلئے ایسے گملوں کا انتخاب کیجیے جو کچن سے جدا محسوس نہ ہوں بلکہ وہ اس کا ہی حصہ لگیں۔