کچھ زیادہ ہی بَھلی لگتی ہے ....

March 22, 2020

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل:لیلیٰ داستان

ملبوسات: H.F.D INT'L(کلفٹن، کراچی)

آرایش:روز بیوٹی پارلر

عکّاسی:ایس ایم ریاض

لے آؤٹ:نوید رشید

موسمِ بہار کی رعنائیاں دستک دے رہی ہیں،کہیں رنگ برنگے سُرخ، نیلے، پیلے، زعفرانی ، بنفشی ،گلابی رنگوں کے پھول اطراف کا ماحول رنگین اور معطّر کررہے ہیں، تو کہیں ڈال ڈال بیٹھے پرندے مدھر، سُریلی آوازوں میں چہچہا رہے ہیں۔ یقیناً یہ موسم ہی کا طلسم ہے، جو رویّوں اور مزاجوں میں بھی خوش گواریت گھول کر ہر سُو خوشیاں ہی خوشیاں بکھیر رہا ہے۔ جب جا بجا رنگینی و لطافت، نزاکت و دِل کشی کے رنگ برنگے غُنچے کِھلے ہوں اور ایسے میں کسی تقریب کا بلاو آجائے یا یونہی بیٹھے بٹھائے سکھیوں کے سنگ سیر تفریح کا پروگرام بن جائے، تو جی یہی چاہتا ہے کہ کوئی ایسا لباس زیبِ تن کیا جائے کہ حسین و رنگین رُت کچھ اور بھی نکھری نکھری معلوم ہو۔ تو لیجیے،ہماری آج کی بزم بھی ایسے ہی کچھ پیراہنوں کی بہار سے مرصّع ہے۔

ذرا دیکھیے، سیاہ رنگ لباس کا دِل رُبا سا انداز کیا خُوب لگ رہا ہے۔پلین ٹراؤزر کے ساتھ قدرے چھوٹی قمیص ہے، جس کے دامن پر نہایت حسین زَری ورک ہے،توبوٹ نیک گلے اور آستینوں پر طلائی رنگ ڈوری کی ہم آمیزی بھی اچھی لگ رہی ہے، جب کہ گوٹے کے جال، چاروں جانب بوٹیوںاور کرن سے آراستہ دوپٹّا تو خُوب ہی بہار دکھا رہاہے۔اِسی طرح شام کی کسی تقریب کے لیےگلابی اور پِیچ رنگوں کے امتزاج میںڈبل لیئر قمیص اور ٹراؤزربھی ایک لاجواب انتخاب ہے۔قمیص کا اِنر پِیچ رنگ میں ہے، جس پر نگوں ، موتیوں کا دِل کش کام ہے، جب کہ گلابی رنگ نیٹ اَپر پر کہیں کہیں سفید رنگ بیڈز کی آرایش ہے۔ پِیچ رنگ ٹراؤزر کے باٹم اور اس سے ہم آہنگ دوپٹّے پر بھی بیڈز نمایاں ہیں۔پھر کاسنی رنگ را سِلک ٹراؤزر کے ساتھ ستارہ ورک سے آراستہ قمیص بھی کچھ کم حسین نہیں ،جس کے ساتھ ٹی پنک سیلف پرنٹڈ دوپٹّا غضب ڈھا رہا ہے۔اورگلابی شاموں میںآؤٹنگ وغیرہ کے لیے بلیو رنگ جینز کے ساتھ ، قدرے چھوٹی سیاہ شرٹ اور سُرخ رنگ جیکٹ تو ایک بہترین انتخاب ہے۔آپ ان میں سے کوئی بھی رنگ و انداز منتخب کرلیں،خود کو کچھ زیادہ ہی بَھلی معلوم ہوں گی۔