اپنے بیڈروم کو متاثرکن انداز میں سجائیں

March 20, 2020

دن بھر کی تھکن کے بعد جب ہم آرام کی غرض سے اپنے بیڈروم کا رُخ کرتے ہیں تو وہاں خوبصورت انداز میںسجاوٹ اور سلیقے سے رکھی چیزیں آدھی تکان ختم کردیتی ہیں اور یوں ذہنی آسودگی حاصل ہوتی ہے۔ بیڈروم انسان کی شخصیت کا بھی عکاس ہوتا ہے، جس کی سجاوٹ اس کی ذاتی پسند و ناپسند، نفاست اور ذوق کا پتہ دیتی ہے۔

دوسری جانب انٹیریئر ماہرین ٹرینڈز کے مطابق بیڈروم کی سجاوٹ پر زور دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس بات سے قطع نظر کہ بیڈ روم کا سائز کیا ہے، گھر کے اس حصے میںسجاوٹ کے دلکش اور متاثر کن انداز کے ذریعے ایک حیرت کدہ بنایا جاسکتا ہے۔ آئیےجانتے ہیں کہ بیڈروم کے لیے کن ٹرینڈز پر عمل کرنا سود مند ثابت ہوگا۔

لکڑی کی اشیا

انٹیریئر ڈیزائننگ کے ماہرین کے مطابق بیڈروم کے ماحول کو صحت مند ماحول میں تبدیل کرنے کے لیے قدرتی مواد کا زیادہ سے زیادہ استعمال ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب ماہرین آرائش و سجاوٹ کے لیے لکڑی کی اشیا استعمال کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بیڈروم کے فرنیچر کے لیے دوسرے مٹیریل کے بجائے لکڑی کو ہی بطور مواد منتخب کیا جائے۔ دوسری جانب بیڈ کے عقب والی دیوار پر بھی لکڑی کا بیک ڈراپ بنوانا خاصا مقبول ہوتا جارہاہے۔ ساتھ ہی چھت (سیلنگ) اور فرش کے لیے بھی لکڑی کا استعمال خواب گاہ میںتازگی اور شگفتگی کا احساس دوبالا کرسکتا ہے۔

منیملسٹ بیڈروم ڈیزائن

ایک آئیڈیل بیڈروم وسیع اور کشادہ ہوتا ہے، تاہم جائیداد کی بڑھتی قیمتوںکی وجہ سے چھوٹے مکانات یا فلیٹس میں رہائش اختیار کرنے سے اکثر افراد کے بیڈروم زیادہ کشادہ نہیں ہوتے۔ یہی وجہ ہے کہ بیشتر گھروں میں بڑے بڑے بیڈرومز کے بجائے عام سائز کے بیڈروم زیادہ دیکھنے میں آتے ہیں۔ اس کو دیکھتے ہوئے کچھ عرصے سے منیملسٹ بیڈروم ڈیزائن متعارف کروایا گیا ہے یعنی ایک ایسی خواب گاہ ، جو چھوٹی ہونے کے باوجود سجاوٹی ٹرینڈز کے مطابق کھلی کھلی اور کشادہ محسوس ہو۔ بیڈروم میں صرف ان چیزوں کا اضافہ کریں جو بے حد ضروری اور ٹرینڈ کے مطابق ہوں، مثلاًفرنیچر میں صرف بیڈ، ڈریسنگ ٹیبل اور الماری، اسی طرح بیڈروم کی سجاوٹ کے لیے سادہ اور ہلکے کپڑے کے پردے جبکہ بڑے بڑے فریم کے بجائے سادہ یا بغیر فریمنگ والی تصویریںلگائیں۔

کارپٹ لازمی نہیں

اگر آپ کے بیڈروم میں کارپٹ بچھا ہوا ہے تو ٹرینڈ پر عمل کرنے کے لیےآپ کوبیڈروم سے کارپٹنگ ختم کرنا ہوگی۔ معروف انٹرنیشنل انٹیریئر ڈیکوریشن ویب سائٹ کے سی ای او لیسا ریکرٹ کے مطابق بیڈروم میں کی گئی مکمل کارپٹنگ نہ صرف مٹی اور دھول کا باعث بنتی ہے بلکہ اس سے بہت سی الرجیز بھی مکینوں پر حملہ آور ہوجاتی ہیں۔ لہٰذا ضروری ہے کہ کمرے میں مکمل کارپٹنگ کے بجائے صرف درمیان میں رگس بچھانے پر غور کریں۔ اس ایریا میں آپ کافی ٹیبل کا اضافہ کرکے بیڈروم کی سجاوٹ کو ایک نیا انداز دے سکتے ہیں۔

سادہ اور روشن

جب کمرہ چھوٹا ہو تو اس کا پورا ماحول ہم آہنگ ہونا چاہیے۔ اس مقصد کیلئے سفید رنگ مددگار ثابت ہو گا، جو کمرے کو کشادہ دکھاتا ہے۔ انٹیریئر ڈیزائنر جیس کونی کے مطابق گزشتہ برس بیڈروم کی انٹیریئر ڈیزائننگ میں نیلے اور سرمئی رنگ کا غلبہ رہا، تاہم رواں برس انٹیریئر ماہرین سرمئی رنگ کو خیرباد کہتے ہوئے نیلے کے ساتھ سفید اور ہرے رنگ کا اضافہ کرنے کے خواہش مند نظر آتے ہیں۔ دوسری جانب فرنیچر اور انٹیریئر ڈیزائنر ڈینیل ویل بیج رنگ کوبھی آؤٹ آف فیشن لسٹ میں شامل کرچکے ہیں ۔

ہینگنگ لائٹس

لیسا ریکرٹ بیڈروم کی آرائش کے طور پر پنکھا نہ لگانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کمرے کے مرکز میں چھت پر نصب پنکھوں کے روایتی انداز کو ہینگنگ لائٹس میں تبدیل کردیا جائے۔ لیسا ریکرٹ کا کہنا ہے کہ کمرے کے مرکز میں لگے سیلنگ فین کی جگہ خوبصورت اور مہنگا فانوس یا پھر ہینگنگ لائٹس سجاوٹ کے ایک عام انداز کو بدل دے گا۔ ایسے افراد جو پنکھے کے بغیر اپنا گزارہ مشکل سمجھتے ہیں، انھیں اس کا متبادل تلاش کرنا ہوگا مثلا ًکارنر فین یا پھر انورٹر اے سی کی صورت میں۔ دوسری جانب لیسا کا کہنا ہے کہ نئے ٹرینڈ میںایک کے بجائے دو پنکھے بھی لگائے جاسکتے ہیں لیکن یہ ٹرینڈ صرف ان بیڈروم کے لیے مناسب رہے گا جو خاصے کشادہ ہوں اور ان کی چھت پر کارنر سائیڈ دو پنکھے اور مرکز میں خوبصورت فانوس بھی لگایا جاسکے۔

لیمپ

اپنی خوابگاہ میں مکمل طورسے رومانوی اور خوبصورت ماحول پیدا کرنے کیلئے روشنیوں کی تعداد کو بڑھائیں۔ دیدہ زیب لیمپ لگانے کے لیے ہلکی روشنیاں خرید کرلائیں، ایسا کرنے سے آپ کو سونے کی جگہ گرمائش اور آرام کا ایک چھوٹا سا نخلستان محسوس ہوگی۔ بہتر تو یہ ہے کہ LEDلائٹس لگالیں کیونکہ یہ ماحول دوست ہونے کے ساتھ خوابگاہ میں نرم اور ہلکی روشنی پیدا کرتی ہیں۔