کورونا وائرس، سڑکیں ویران، فضائی سفر بند، آلودگی میں نمایاں کمی

March 24, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے خوف اور نتیجتاً عوام کو بچانے کیلئے نافذ کیے گئے لاک ڈائون اور کاروبار اور صنعتوں کی بندش کی وجہ سے مختلف ملکوں میں فضائی، صوتی اور دیگر انواع کی ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، امریکا میں سڑکوں اور ہائی ویز پر ٹریفک ڈرامائی انداز سے کم ہوگیا ہے جبکہ فضائی سفر پر بندش کے باعث طیاروں کے ذریعے پھیلنے والی آلودگی بھی تقریباً ختم ہو چکی ہے۔ گزشتہ ہفتے سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد گھروں میں رہنے کو ترجیح دیے ہوئے ہے۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیٹلائٹ تصاویر کے مطابق مختلف شہروں جن میں لاس اینجلس، سیاٹل، نیویارک، شکاگو اور ایٹلانٹا شامل ہیں، میں نمایاں طور پر آلودگی میں کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ وائرس پھیلنے کی وجہ سے سڑکوں سے ٹریفک غائب ہو چکا ہے جبکہ ان شہروں کے جن علاقوں میں ٹریفک جام ہونا معمول کی بات سمجھی جاتی تھی وہ علاقے اب تقریباً ویران نظر آ رہے ہیں۔ یورپی اسپیس ایجنسی کی جاری کردہ تصاویر کے مطابق، فضا میں نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ گیس کی مقدار کم ہوگئی ہے۔