کانز فلم فیسٹیول کی جگہ کو عارضی رہائش گاہ میں تبدیل کرنیکا اعلان

March 26, 2020

کانز فلم فیسٹیول کی جگہ کو عارضی رہائش گاہ میں تبدیل کرنیکا اعلان

کانز(مانیٹرنگ ڈیسک) تین ہفتوں تک جاری رہنے والے کانز فلم فیسٹیول کا انعقاد رواں برس مئی میں 12 سے 23مئی تک ہونا تھا تاہم کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کی وجہ سے اسے ملتوی کردیا گیا تھا۔کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے نہ صرف کانز فلم فیسٹیول کو ملتوی کردیا گیا تھا بلکہ فرانس میں دیگر شوبز و فیشن کے پروگرامزکو بھی مؤخر یا منسوخ کردیا گیا تھا۔کانز فلم فیسٹیول کو مؤخر کیے جانے کے بعد فلم انتظامیہ نے فیسٹیول کی جگہ کو عارضی طور پر فرانس کے بے گھر افراد کے عارضی مسکن میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اب انتظامیہ نے معروف فلم فیسٹیول کی جگہ کو عارضی رہائش گاہ میں تبدیل کردیا۔خبر رساں ادارے کے مطابق کانز فلم فیسٹیول کی جس جگہ ریڈ کارپٹ سجایا جاتا تھا وہاں اب بے گھر افراد کے لیے عارضی رہائش گاہیں قائم کی گئی ہیں۔کانز فلم فیسٹیول انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ فوری طور پر بے گھر افراد کے لیے عارضی ٹھکانے کے بندوبست کرنے سمیت ان کے لیے کھانے پینے کا بندوبست بھی کیا گیا۔عہدیدار کے مطابق کانز فلم فیسٹیول کی جگہ بنائے گئے بے گھر افراد کے لیے عارضی مسکن میں ہر رات 50 سے 70 افراد آتے ہیں اور ہر ایک شخص کو الگ ٹینٹ یا الگ بستردیا جاتا ہے، ساتھ ہی انہیں مناسب خوراک بھی فراہم کی جا رہی ہے۔فرانسیسی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں تقریبا 12 ہزار بے گھر افراد موجود ہیں جو وائرس کے پھیلنے کے ان دنوں میں سب سے بڑا مسئلہ ہیں۔حکومت کی جانب سے عوام کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایات کے بعد فرانس کی کئی تنظیموں اور اداروں نے بے گھر افراد کو عارضی رہائش دینے کے اعلانات کیے جب کہ بے گھر افراد کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم نے بھی ایسے افراد کے عارضی مسکن کے لیے کوششیں تیز کردیں۔اگرچہ کانز فلم فیسٹیول انتظامیہ نے بے گھر افراد کے لیے عارضی مسکن بناکر انہیں رہائش دینے سمیت انہیں کھانا بھی فراہم کرنا شروع کردیا ہے تاہم بے گھر افراد کے لیے کام کرنے والی تنظیم نے پولیس پر بے گھر افراد کو تنگ کرنے اور ان پر تشدد کرنے جیسے الزامات لگائے ہیں، تاہم پولیس ایسے الزامات کو مسترد کر چکی ہے۔