فرانس میں اولڈ کیئر ہائوسز کا عملہ خوف سے فرار، 21؍ بزرگ ہلاک

March 26, 2020

پیرس /کراچی (نیوز ڈیسک) اسپین میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور اب انکشاف ہوا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں بے گھر بزرگ افراد کیلئے قائم کئے گئے ’’کیئر ہومز‘‘ کا عملہ وائرس کے خوف سے فرار ہوجانے کے نتیجے میں کئی بزرگ افراد ہلاک و متاثر ہوئے ہیں۔ صرف میڈرڈ شہر میں ہلاک ہونے والے بزرگوں کی تعداد 21؍ بتائی گئی ہے۔ ہلاک ہونے والے بیشتر افراد کی عمریں 70؍ سے 80؍ سال کے درمیان تھیں۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وائرس پھیلنے سے روکنے کیلئے ہسپانوی فوج نے مختلف شہروں میں اسپرے مہم شروع کر رکھی ہے اور اسی مہم کے دوران جب وہ کیئرز ہومز میں پہنچے تو انہیں کئی بزرگ افراد کی لاشیں ملیں جبکہ کئی وائرس سے متاثر نظر آئے۔ ہسپانوی وزیر دفاع مارگریٹا روبیلز نے کہا ہے کہ فوج جب بوڑھے لوگوں کی نگہداشت کیلئے قائم مراکز میں پہنچی تو وہاں کا عملہ فرار ہو چکا تھا جبکہ کئی بزرگ اپنے بستر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ اس صورتحال کے بعد اسپین کے جنرل پراسیکوٹر نے تحقیقات کا اعلان کیا ہے اور وعدہ کیا ہے کہ بزرگ افراد کے تحفظ کے معاملے میں سخت اور غیر لچکدار پالیسی اختیار کی جائے گی۔