کمیونٹی کو اتفاق و اتحادسے ایک دوسرے کی مدد کرنا ہوگی،تبسم ملک

March 30, 2020

سلائو (نمائندہ جنگ) کورونا جیسے خطرناک وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے کمیونٹی کو اتفاق و اتحاد کے ساتھ ایک دوسرے کی مدد کرنا ہوگی۔ مشکل کے اس وقت میں ایک دوسرے کا خیال رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار سلائو کی سماجی رہنما تبسم ملک نے جنگ لندن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تبسم ملک نے کہا کورونا وائرس اللہ تعالی کی طرف سے ہمارے لیے آزماہش ہے، اس کا مقابلہ قوت ایمانی اور ایک دوسرے کی مدد کے ساتھ کریں، وہ لوگ جو بیماری یا کورونا وائرس کی وجہ سے اپنے گھر تک محدود ہو گئے ہیں ایسے افراد کو ان کے گھروں تک کھانے پینے کی بنیادی اشیا پہنچاناہم پر لازم ہے۔ اس لیے اپنے گردونواح میں ضرورت مند افراد جو کسی مجبوری اور بیماری کی وجہ سے پریشان ہیں ان کی مدد پہلی فرصت میں مدد کرنی چاہئے۔ تبسم ملک نے کہا کمیونٹی اپنے گھروں میں رہتے ہوئے بچوں اور بزرگوں کا خاص خیال رکھے، حکومتی گائیڈ لائن پر عمل کر کے ہی ہم ایک دوسرے کی مدد کر سکتے ہیں۔