کورونا وائرس: دماغی صحت کا خیال رکھا جائے، برطانوی شاہی جوڑا

March 30, 2020

لندن (پی اے) ڈیوک آف کیمبرج شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ ڈچز آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن نے کورونا وائرس کے دوران دماغی صحت کا خاص خیال رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ برطانوی شاہی جوڑے کی جانب سے ٹوئٹر پیغام میں کہا گیا کہ گزشتہ چند ہفتے سب کے لئے بے چین اور پریشان کن رہے، ہمیں ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا اور دماغی صحت کا خیال رکھنے کے لئے راستہ تلاش کرنا ہوگا۔ ٹوئٹر پیغام میں کہا گیا کہ ہر روز سادہ اقدامات کرتے ہوئے ہم سب آنے والے وقت کے لئے تیار ہو سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی شاہی خاندان کی جانب سے ایک ویب سائٹ بھی تیار کی گئی ہے جس میں تفصیل سے بیان کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے دوران دماغی دباؤ سے کیسے بچا جا سکتا ہے اور اس دوران اچھی دماغی صحت کیسے برقرار رکھی جائے۔ شاہی جوڑا دماغی صحت کے حوالے سے 2016 سے متحرک ہے اور ان امراض کے خاتمے کیلئے ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری کے ساتھ جدوجہد میں مصروف ہے۔ حکومت نے بھی دماغی صحت کیلئے کام کرنے والے فلاحی اداروں کو اس مسئلے سے نبردآزما ہونے کیلئے مزید 5 ملین پونڈ اضافی فراہم کئے ہیں۔ ادھر پبلک ہیلتھ انگلینڈ (پی ایچ ای) نے بھی کورونا وائرس کی بنا پر لاک ڈائون کے دوران گھروں میں رہنے والوں کیلئے نئے مشغلوں اور ترجیحات ترتیب دی ہیں تاکہ وہ گھر پر رہنے سے پیدا ہونے والی بوریت اور جھنجھلاہٹ پر قابو پاسکیں۔