حفیظ ٹی20 ورلڈ کپ تک پاکستان کی نمائندگی کے خواہاں

March 30, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل رائونڈر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ اس سال اکتوبر نومبر میں ٹی 20ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں اور اس کے بعد باعزت انداز میں انٹر نیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ دوں گا لیکن دنیا بھر میں لیگز کھیلتا رہوں گا۔ کرکٹ سے مکمل کنارہ کش ہونے کے بعد فیصلہ کروں گا ۔ دیکھوں گاکہ زندگی کہاں لے جاتی ہے، آیا کوچنگ میں جائوں گا یا کسی اور شعبے میں قسمت آزمائوں گا۔ 17اکتوبر کو محمد حفیظ چالیس سال کے ہوجائیں گے۔ وہ ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کو پہلے ہی خیر باد کہہ چکے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی کو انٹر ویو میں محمد حفیظ نے کہا کہ میں عزت اور کامیابیوں کے ساتھ کرکٹ کو الوادع کہنا چاہتا ہوں۔ ابھی میں نے مستقبل کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی ہے۔ ریٹائر منٹ کے بعد مستقبل کے بارے میں کوئی فیصلہ کروں گا۔ میرے پاس انٹر نیشنل کرکٹ چھوڑنے کے بعد میرے پاس انٹر نیشنل لیگ کھیلنے کا آپشن موجود ہے ۔ میرے جسم اور میری کارکردگی میں کچھ ایسے سال موجود ہیں جنہیں میں کھیل کے میدان میں صرف کرنا چاہتا ہوں۔