• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمیرہ احمد سے متعلق یوٹرن لینے پر نادیہ خان پر شدید تنقید

فائل فوٹو
فائل فوٹو

معروف پاکستانی ٹی وی میزبان اور اداکارہ نادیہ خان کو ڈرامہ نگار عمیرہ احمد سے متعلق اپنے مؤقف میں اچانک تبدیلی کرنے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔

نادیہ خان کا شمار پاکستان کی سینئر شوبز شخصیات میں ہوتا ہے، انہوں نے کئی دہائیوں تک انڈسٹری میں کام کیا اور متعدد مقبول ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ 

حالیہ دنوں میں وہ ’رائز اینڈ شائن‘ اور ڈرامہ ریویو شو ’کیا ڈرامہ ہے‘ کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں، جہاں وہ مقبول ڈراموں پر سخت تنقید کرتی نظر آتی ہیں۔

حال ہی میں نادیہ خان نے ڈرامہ نگار عمیرہ احمد کے ڈرامہ ’کفیل‘ کی غیر متوقع طور پر تعریف کی، جس پر سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی۔

 نادیہ خان نے کہا کہ عمیرہ احمد ایک بہترین لکھاری ہیں اور بطور ناظر وہ انہیں نمبرز دینے کی اہل نہیں کیونکہ وہ پاکستان کی ٹاپ رائٹرز میں شامل ہیں، میں نے عمیرہ احمد کے ناولز پڑھے ہیں اور میرا خواب تھا کہ میں کبھی ان کا انٹرویو کروں، میں عمیرہ احمد کو ریٹنگ دے کر ’گستاخی‘ نہیں کر سکتی۔

تاہم ڈرامہ ناظرین نے نادیہ خان کو ان کے ماضی کے بیانات یاد دلاتے ہوئے شدید ردِعمل دیا ہے۔ 

مداحوں کا کہنا ہے کہ ڈرامہ ’جنت سے آگے‘ کے دوران نادیہ خان نے اسی لکھاری عمیرہ احمد پر سخت تنقید کی تھی کیونکہ کہانی ایک مارننگ شو ہوسٹ کے گرد گھومتی تھی۔

سوشل میڈیا پر ایک صارف نے لکھا کہ نادیہ خان نے ’جنت سے آگے‘ کے ریویو میں جان بوجھ کر لکھاری کی توہین کی تھی، ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ ہم حیران بھی ہیں اور ہنس بھی رہے ہیں کہ کیا یہ وہی نادیہ خان ہیں جنہوں نے عمیرہ احمد پر تنقید کی تھی، ایک اور تبصرے میں کہا گیا کہ نادیہ خان شاید ’جنت سے آگے‘ پر اپنے منفی ریویوز بھول چکی ہیں۔

کچھ صارفین نے یہ بھی لکھا کہ نادیہ خان ’جنت سے آگے‘ کی سب سے جارح ناقد تھیں اور اب اچانک انہوں نے اپنا بیانیہ بدل لیا ہے۔

واضح رہے کہ نادیہ خان نے ماضی میں یہ بھی کہا تھا کہ عمیرہ احمد کو مارننگ شو ہوسٹ کو اپنے ڈرامے کا موضوع نہیں بنانا چاہیے تھا اور انہوں نے اس ڈرامے کو دیکھنا ناپسندیدہ قرار دیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید