پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر اور یشمہ گل کو کرسمس تقریب پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
ہانیہ عامر اور یشمہ گل پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ایک مقبول جوڑی ہیں، جو اپنی گہری دوستی کے باعث جانی جاتی ہیں، دونوں اداکارائیں اہم مواقع اور خوشیوں کے لمحات ہمیشہ ایک ساتھ مناتی ہیں۔ ہانیہ عامر سپر اسٹار ہونے کے باوجود یشمہ گل کی جانب سے منعقد کی جانے والی تقریبات میں شرکت کو کبھی نظرانداز نہیں کرتیں، حال ہی میں دونوں نے کرسمس ایک ساتھ منایا۔
یشمہ گل نے کرسمس کی تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جس میں ہانیہ عامر، یشمہ گل اور دیگر افراد کرسمس ایو کے موقع پر پوز دیتے نظر آئے، یشمہ گل نے اپنے گھر کو روایتی کرسمس کی سجاوٹ سے آراستہ کیا تھا، جہاں کرسمس ٹری بھی لگایا گیا، تصاویر میں ہانیہ عامر اور یشمہ گل سانتا کلاز کی ٹوپیاں اور داڑھیاں پہنے نظر آئیں۔
تاہم سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس کرسمس سیلیبریشن پر شدید تنقید کی جا رہی ہے، ایک صارف نے لکھا کہ یہ لوگ ہر تہوار مناتے ہیں، کبھی کبھی شک ہوتا ہے کہ کیا یہ مسلمان بھی ہیں؟ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ نعوذباللہ، کرسمس منانا اور ’میری کرسمس‘ کہنا حرام ہے، چاہے آپ یہ اپنے عیسائی دوستوں کے لیے ہی کیوں نہ کر رہے ہوں۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ اللّٰہ انہیں سیدھے راستے پر چلنے کی ہدایت دے، جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ مغربی ثقافت کا مطلب یہ نہیں کہ ہر چیز درست ہے، اس تقریب کو منانے پر شرم آنی چاہیے۔‘
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف ردِعمل سامنے آ رہے ہیں اور اس معاملے پر بحث جاری ہے۔