او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا نیا ڈومیسائل قانون مسترد کردیا

May 21, 2020

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک)اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا نیا ڈومیسائل کا قانون مسترد کر دیا۔او آئی سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تنظیم کے انسانی حقوق کے مستقل آزادکمیشن نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ڈومیسائل قانون کو مسترد کر دیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق بھارت کا نیا ڈومیسائل قانون اوآئی سی اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ اورعالمی برادری ڈومیسائل قانون واپس لینے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

اوآئی سی کمیشن نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعملدرآمد یقینی بنوائے۔

انسانی حقوق کمیشن نے بھارتی حکومت کے مقبوضہ کشمیرمیں نئے ڈومیسائل قانون کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کورونا سے لڑ رہی ہے اور بھارت غیرقانونی اقدامات کر رہا ہے۔