لندن(پ ر) المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی فلاحی سرگرمیاں جاری ہیں اور ٹرسٹ نے رمضان المبارک کے دوران پانچ ہزار مستحقین میں کھانا، پانچ سو بیوائوں میں غذائی سامان اور پانچ سو یتیم بچوں میں عید کے کپڑے تقسیم کئے۔ امدادی سامان تھرپارکر، چولستان میں خشک سالی سے متاثرہ خاندانوں کے علاوہ مریدکے، خانیوال، مظفر گڑھ، مانوالہ ضلع شیخوپورہ، فیصل آباد، اڈہ شیخاں ضلع جھنگ اور لاہور سمیت دیگر شہروں میں تقسیم کیا گیا۔ مستحقین کو تقسیم کئے راشن میں آٹا، چینی، دالیں، چاول، کھجوریں، سبزیاں، چائے، سمیت دیگر اشیا شامل تھیں، مختلف شہروں میں افطار پارٹیوں کے دوران شرکا کی کھانے کے علاوہ مشروبات، پھلوں سمیت دیگر کھانے پینے کی اشیا سے تواضع کی گئی۔ اجتماعی افطاریوں کے دوران بچوں، خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ یتیم بچوں نے عید کے نئے کپڑے ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بچوں میں عید کے رنگا رنگ کپڑے تقسیم کرنے کے علاوہ ان کے لئے مہندی، فیس پینٹنگ کے خصو صی سٹال بھی لگائے گئے۔ کھانے، تحائف اور راشن تقسیم کرنے کی تقریبات رمضان المبارک کے پورے مہینے جاری رہیں اور عید کے موقع پر یتیم بچوں میں نئے کپڑے تقسیم کرنے کے بعد مہم اختتام پذیر ہو گی۔ المصطفیٰ کے چیئر مین عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران،مستحق افرادتک رسائی کے لئے اجتماعی افطار پارٹیاں دور دراز دیہات، غریب بستیوں اور سڑکوں پر المصطفیٰ دستر خوانوں میں دی گئیں۔ المصطفیٰ نے کورونا اور لاک دائون کے دوران کھانے، راشن اور عید کے موقع پر نئے کپڑے تقسیم کر کے خدمت انسانیت کی نئی مثال قائم کی ہے۔