قبلہ اول کی آزادی،مظلومین کشمیر و فلسطین کی حمایت میں مظاہرے

May 23, 2020

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ، اپنے رپورٹر سے) جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس حمایت مظلومین مظلومین عالم سے اظہار یکجہتی کے جذبے کیساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ملک بھر میں قبلہ اول کی آزادی،مظلومین کشمیر و فلسطین کی حمایت ، صیہونی وبھارتی بربریت اور دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں ۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دربار سخی محمود بادشاہ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔آبپارہ چوک میں علامہ بشارت حسین امامی نے حامدموسوی کا پیغام پیش کیا جس میں انہوں نے باورکرایا کہ اپنے مفادات کے اسیر مسلم حکمرانوں کو یہ ذہن نشین رکھنا ہو گا کہ صیہونیت کے ناپاک عزائم صرف بیت المقدس پر قبضہ کرنا ہی نہیں گریٹر اسرائیل کا قیام ہے جسکے نقشے میں حرمین شریفین بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا اتحاد ہی وہ ہتھیار ہے جس سے نہ صرف حرمین شریفین کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے بلکہ قبلہ اول بیت المقدس کو بھی صیہونی پنجوں سے چھڑایا جا سکتا ہے ۔حامد موسوی نے اپنے پیغام میں کراچی مسافر طیارے کی تباہی کو قومی المیہ قراردیا ۔ راولپنڈی میں ٹی این ایف جے کی ضلعی یوم القدس حمایت مظلومین کمیٹی کے زیراہتمام امامبارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے علامہ زاہد عباس کاظمی ،میثم تمار، محسن ہمدانی کی قیادت میں مرکزی ریلی نکالی گئی ۔