طیارہ حادثہ،جج کی نگرانی میں تحقیقات کراکر رپورٹ پبلک کی جائے،ضیا عباس

May 28, 2020

کراچی( اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سیکرٹری جنرل سید ضیاء عباس نےچیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ طیارے کے افسوسناک حادثے کا از خود نوٹس لیں اور سپریم کورٹ کے کسی جج کی نگرانی میں تحقیقات کراکر رپورٹ میڈیا اور عوام کے سامنے لائی جائے، ایئر پورٹ کے اطراف بلند و بالا عمارتوں کی موجودگی وفاقی اور سندھ حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پچھلے چند سال کے دوران فضائی حادثوں کی کوئی بھی انکوائری رپورٹ عوام اور میڈیا کے سامنے نہیں آنے سے ذمے داروں کا تعین اور ان کے خلاف کسی قسم کا ایکشن نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے پی آئی اے کے طیارے کا ایک اور المناک سانحہ سامنے آیا، انہوں نے کہا کہ ایک زمانے پر دنیا بھر کے مسافروں کا پی آئی اے پر اعتماد تھا، مگر اب پاکستانی عوام اس سے سفر کرتے ہوئے خوفزدہ ہیں،رشوت لے کر عمارتوں کی تعمیر کرنا مسافروں کی زندگی سے کھیلنے کے مترادف ہے۔