اوپن یونیورسٹی کی لاک ڈائون کے دوران مستحق طلباء کی فیس رعایت کیلئے پالیسی مرتب

May 28, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار ) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے لاک ڈائون کے دوران مستحق طلباء کو فیس میں رعایت فراہم کرنے کیلئے پالیسی مرتب کر لی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے میرٹ اور شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے ریجنل اسسٹنٹ کمیٹی (آر اے سی) قائم کر دی ہے، جن طلباء نے سمسٹر بہار 2020کے داخلہ فیس میں رعایت حاصل کرنے کیلئے یونیورسٹی کے قریب ترین ریجنل آفس میں درخواستیں جمع کرائی تھیں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جلد ریجنل آفس میں تصدیق شدہ اسناد جمع کرائیں۔ کمیٹی کی جانب سے فیس میں رعایت فراہم کرنے کے بعد طلباء کو باقی فیس 5 جون تک جمع کرانا ہو گی ۔ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز رانا طارق جاوید کے مطابق یونیورسٹی کے تمام ریجنل دفاتر طلباء کے ساتھ ملاقاتوں میں حکومت کے مقررکردہ ایس او پیزکو فالو کریں گے۔ وائس چانسلر کی خواہش ہے کہ تعلیم حاصل کرنے کا ایک بھی خواہشمند محض داخلہ فیس نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم حاصل کرنے سے محروم نہ رہ جائے، اس مقصد کیلئے یونیورسٹی نے اپنے حالیہ سالانہ بجٹ میں 100 ملین روپے مختص کر رکھے ہیں۔