مہوش حیات اور علی ظفر کی طیارہ حادثے کا شکار ہونیوالوں کی جلد شناخت کی اپیل

May 29, 2020

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کی معروف اداکارہ و تمغہ امتیاز مہوش حیات اور عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر نے طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت کا عمل تیز کرنے کے لیے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے۔مہوش حیات نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اُس شخص کی ویڈیو شیئر کی جس نے پی آئی اے طیارہ حادثے میں اپنی اہلیہ سمیت تین بچوں کو کھو دیا اور وہ ابھی تک اپنے پیاروں کی لاشیں شناخت ہونے کے انتظار میں ہے۔متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ ’میں نے طیارہ حادثہ میں اپنی اہلیہ اور تین بچوں کو کھو دیا ہے اور اب میں اپنے پیاروں کی لاشیں تلاش کرنے میں لگا ہوا ہوں، میری اہلیہ اور بڑی بیٹی کی لاش کی شناخت ہوگئی ہے جبکہ 14 سالہ میرے بیٹے اور 5 سالہ بیٹی کی شناخت ابھی تک نہیں ہوسکی۔ویڈیو میں متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ میں حکومت پاکستان سے درخواست کرتا ہوں کہ ہماری مدد کی جائے۔اِس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے مہوش حیات نے کہا کہ یہ ہمارے لیے اور اِس خاندان کے لیے ایک دل دہلانے دینے والا مقام ہے۔مہوش حیات نے اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان اور وزارت برائے انسانی حقوق پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’براہ کرم اِس خاندان کے پیاروں کی تلاش میں اِن کی جلد از جلد مدد کی جائے تاکہ اِن کی مشکل آسان ہوسکے۔دوسری جانب علی ظفر نے کمیل پولانی کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئےکہا کہ ’اِن خاندانوں کا درد ناقابل برداشت ہے اور ہمارے پاس اِن کو تسلّی دینے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔گلوکار نے طیارہ حادثہ میں جان بحق ہونے والے افراد اور اُن کے اہلخانہ کے لیے دُعا کرتے ہوئے کہا کہ ’اللّہ سب کی مشکلات آسان کرے۔واضح رہے کہ جمعۃ الوداع کی دوپہر کو لاہور سے کراچی آنے والے قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں97 افراد جاں بحق ہوئے۔