ٹی20 ورلڈ کپ ہوگا یا نہیں، فیصلہ 10 جون تک موخر

May 29, 2020

ٹی20 ورلڈ کپ ہوگا یا نہیں، فیصلہ 10 جون تک موخر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے مستقبل پر فیصلے کیلئے ہونیوالا آئی سی سی کا بورڈ اجلاس نئے تنازع کا شکارہوکر ختم ہوگیا، غیر روایتی انداز میں اجلاس کے تمام ایجنڈے موخرکردئیے گئے، آئی سی سی بورڈ میں رازداری کی خلاف ورزی پر ممبران ناراض ہوئے اور شدید تحفظات ظاہر کئے۔ خفیہ معاملات افشا ہونے پر تحقیقات شروع کر دی گئی۔انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے اکتوبر نومبر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے بارےمیں فیصلہ آئندہ ماہ تک موخر کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا کی صورتحال کو سامنے رکھ کر فیصلہ کیا جائے گا لیکن اب بھی منتظمین متفق ہیں کہ اکتوبر میں ٹورنامنٹ کرانا خطرے سے خالی نہیں ہوگا اس لئے متبادل پلان پر بات ہورہی ہے۔ ششانک منوہر کی جگہ نئے چیئرمین کا فیصلہ بھی نہ ہوسکا لیکن یہ بات طے ہوچکی ہے۔ ششانک منوہر چیئرمین کے عہدے کے لئے امیدوار نہیں ہوں گے۔ جمعرات کو آئی سی سی بورڈ کی ٹیلی فونک میٹنگ ہوئی۔ اعلامیہ کے مطابق تمام ایجنڈا آئٹمز کو دس جون کی میٹنگ تک ملتوی کردیا گیا ہے۔ ششانک منوہر کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں کانفیڈنشیلٹی کے ایشو پر بحث ہوئی۔ اجلاس میں کئی بورڈ اراکین نے اس مسئلہ پر اپنے خدشات کا اظہار کیاکہ بورڈ کے خفیہ معاملات میڈیا کی زینت بن جاتے ہیں۔ اراکین نے بورڈ کے معاملات کی حساسیت کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات اٹھانے کا موقف اپنایا۔ آئی سی سی ایتھکس (اخلاقیات) آفیسر کی سربراہی میں آزادانہ تحقیقات فوری طور پر شروع کرنے پر متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پیش رفت 10 جون کو آئی سی سی چیف ایگزیکٹوز کو اجلاس میں دی جائے گی ۔آئی سی سی بورڈ نے آئی سی سی انتظامیہ کو کوویڈ 19 کے سبب ہر لمحہ بدلتی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متبادل آپشنز کی کھوج جاری رکھنے کی درخواست کی ہے۔اس دوران آئی سی سی نے کرکٹ بورڈز کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔مہلک عالمی وبا کے پھیلاو کے باعث رواں برس کے آخر میں آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انعقاد بھی غیر یقینی ہے۔ گزشتہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، تاہم بعد ازاں آئی سی سی نے وضاحتی بیان جاری کر کے ان خبروں کی تردید کر دی تھی۔