ٹی 20 ورلڈکپ کا انعقاد مشکل، التوا کا فیصلہ جمعہ کو متوقع

July 07, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امکان ہے کہ جمعے کو انٹر نیشنل کرکٹ کونسل ٹیلی کانفرنس کے بعد آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ آئندہ سال تک ملتوی کردے گا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کی خواہش ہے کہ یہ اعلان جلد ہو ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی بورڈ ستمبر اکتوبر میں آئی پی ایل کرانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ میزبانی کے لئے متحدہ عرب امارات اور سری لنکا کے نام زیر غور ہیں۔ جبکہ نیوزی لینڈ نے بھی ایونٹ کرانے کی پیشکش کی ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے خازن ارون دھومل کا کہنا ہے کہ ہم نے ستمبر اور اس کے بعد کے لیے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے ۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فیصلہ ہمارے اختیار میں نہیں لیکن ہمیں آئندہ کے منصوبے تو بنانا ہیں ۔ ورلڈ کپ اکتوبر نومبر میں آسٹریلیا میں شیڈول ہے ۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ملتوی ہونے کا فیصلہ ہو چکا رواں ماہ میں اعلان ہونا ہے جبکہ ایشیا کپ کا ہونا بھی ناممکن ہے۔ دلچسپ بات ہے کہ آسٹریلوی میڈیا نے پیر کے روز اس متعلق خبر شائع کی ہے اور کہا ہے کہ آسٹریلین کرکٹرز کو اب دورئہ انگلینڈ پر توجہ دینے کی ہدایت کی جاچکی ہیں۔